نئی دہلی۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا فٹ بال فیڈریسن ( اے آئی ایف ایف ) نے باوقار 2017ء فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے اپنی بولی داخل کردی ہے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے جنرل سکریٹری کشال داس نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم مقررہ تاریخ سے قبل اپنی بولی کیلئے ضروری دستاویزات داخل کردیئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صدر مسٹر پرافل پاٹل کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے حکومت کے ساتھ بولی داخل کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں مقررہ وقت سے پہلے تمام تر کارروائی مکمل کرلی جائے گی ۔ دریں اثناء آئی لیگ کے سی ای او مسٹر سنندا دھر نے ہندوستان کی میزبانی کی بولی کے دستاویزات فیفا کے ڈائرکٹر مصطفیٰ فہمی کے حوالے فیفا کے زیورخ میں موجود ہیڈ کوارٹر میں حوالہ کئے ۔ سنندا دھر نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زیورخ میں ہم نے دستاویزات فیفا کے حوالے کئے ہیں تاکہ انڈر 17ورلڈ کپ 2017ء کی میزبانی کے حقوق حاصل کئے جائیں نیز یہ دستاویز تین ڈسمبر کو منعقد شدنی فیفاایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کئے جائیں گے ۔
زخمی کلکرنی ونڈے ٹیم سے باہر
ممبئی۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کے فاسٹ بولر دھول کلکرنی جنہیں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی محدود اوور میں نمائندگی کا موقع مل رہا تھا لیکن وہ اپنا پیر زخمی کربیٹھے ہیں ۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ چند دنوں میں شروع ہونے والی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز سے وہ باہر ہوچکے ہیں ۔ سلکشن کمیٹی نے زخمی کلکرنی کے مقام پر آر ونئے کمار کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے ۔