ہندوستان نے جاپان کو 9-0 سے شکست دی

مسقط۔ 22اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)دفاعی چمپئن ہندستانی سینئر مرد ہاکی ٹیم نے یہاں رواں ایشین چمپئنز ٹرافي میں جاپان کو یکطرفہ میچ میں 9-0 سے شکست دے کر شاندار جیت درج کی ہے ۔ سلطان قابوس اسپورٹس کامپلکس میں ہوئے میچ میں ہندستانی ٹیم کے چھ کھلاڑیوں نے گول کئے ۔ اسٹرائیکر للت اپادھیائے اور مندیپ سنگھ نے فی کس دو گول جبکہ ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کر ہندستان کو برتری دلائی۔ اپادھیائے نے ہندستان کے لئے چوتھے منٹ میں گول کیا اور اس کے بعد45 ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول داغا جبکہ ہرمن پریت نے17 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کیا اور21 ویں منٹ میں ایک اور گول داغا۔ جاپان کی ٹیم کا ڈیفنس ہندستان کے سامنے مکمل طور ناکام رہا اور مندیپ سنگھ نے آخری کوارٹر کے 49 ویں اور57 ویں منٹ میں گول کئے ۔ جاپان کے گول کیپر تاکاشی یوشکاوا آٹھویں منٹ میں ہرمن پریت کور کے پنالٹی کارنر کو روکنے کی کوشش میں زخمی ہوئے جس کے بعد محفوظ جاپانی کھلاڑی یسکے تاکانو اترے ۔ حالانکہ انہیں بھی ہندستانی کھلاڑیوں نے پریشان کیا۔ہندستانی ٹیم کے لئے آکاشدیپ سنگھ نے36 ویں اورسمیت نے 42 ویں منٹ میں ایک ایک گول کرتے ہوئے اسکورکارڈ پر اپنا نام درج کروایا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی میں اپنی مسلسل تیسری جیت بھی درج کر لی۔ ہندستان چھ ٹیموں کے ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ نو پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے جبکہ ملائیشیا دو میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔پاکستان کے دو میچوں میں تین پوائنٹس ہیں جبکہ جاپان کے تین میچوں میں تین پوائنٹس ہیں۔ جنوبی کوریا اور عمان دونوں اپنے اپنے میچ ہار چکے ہیں۔ ہندستانی مرد ٹیم کے چیف کوچ ہریندر سنگھ نے جاپان کے خلاف یکطرفہ جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی منصوبہ بندی کو میچ میں ٹھیک طرح سے لاگو کرنے پر تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ ہم جس طرح سے کھیلے وہ اچھا تھا۔ ہم نے منصوبہ بندی کو نافذ کیا اور جاپان کی ٹیم کو ہم پر غلبہ حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔