ہندوستان نے انڈر 19 سہ رخی سیریز جیت لی

فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست ۔ سرفرازخان کی نصف سنچری
کولکتہ 29 نومبر ( سیاست ڈآٹ کام ) ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف انڈر 19 سہ رخی ونڈے سیریز جیت لی ہے ۔ ہندوستان کیلئے ممبئی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر سرفراز خان نے ناٹ آوٹ نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی ۔ بنگلہ دیش کو 36.5 اوورس میں 116  رنوں پر آوٹ کرنے کے بعد ہندوستان نے 13.3 اوورس میں ہی 117 رن محض تین وکٹس کے نقصان پر بناتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس کے بلے باز خاطر خواہ مظاہرہ نہیں کرسکے اور وقفہ وقفہ سے آوٹ ہوکر پویلین لوٹتے گئے ۔ ہندوستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر میانک ڈگر نے تین وکٹس 32 رنوں کے عوض حاصل کئے جبکہ شبھم ماوی نے دو اور مہیپال لومرور نے دو وکٹس حاصل کئے ۔ یہ میچ یہاں جادوپور یونیورسٹی میں کھیلا گیا تھا ۔ 17 رنوں کے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے 42 رنوں پر تین وکٹس گنوا دئے تھے تاہم سرفراز نے اپنی ٹیم کو مزید کسی نقصان سے بچاتے ہوئے کامیابی دلائی ۔ سرفراز رانجی ٹرافی میں اتر پردیش کیلئے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے 27 گیندوں میں تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 59 ناٹ آوٹ رنز بنائے ۔ کپتان رکی بھوئی نے چار چوکوں کی مدد سے 20 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے اسپنر صالح احمد شاؤن غازی کو سرفراز نے خاص طور پر نشانہ بنایا اور زیادہ اسٹروکس لگائے ۔