ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی 20 میچ 37 رنوں سے جیت لیا

ویراٹ کوہلی کے تیز رفتار 90 رنز ۔ اسپنرس جسپریت بمرا ‘ آر اشون اور رویندر جڈیجہ کی نپی تلی بولنگ
اڈیلیڈ ( اوول ) 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سریش رائنا کی بہترین نصف سنچری اور اسپنرس کی نپی تلی گیند بازی کے باعث ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی 20 میچ 37 رنوں سے جیت لیا ہے ۔ ہندوستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے مقررہ 20 اوورس میں تین وکٹس کے نقصان سے 188 رنز اسکور کئے تھے ۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم 19.3 اوورس میں 151 رنوں پر ڈھیر ہوگئی ۔ ہندوستان کیلئے ویراٹ کوہلی نے شاندار بیٹنگ کی اور انہوں نے صرف 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 90 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور نو چوکے لگائے تھے ۔ اوپنر روہت شرما نے بھی اچھی شروعات فراہم کی تھی ۔ انہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے تھے ۔ انہیںواٹسن کی گیند پر فالکنر نے کیچ کیا تھا ۔ شکھر دھون خاطر خواہ مظاہرہ نہیں کر پائے ۔

انہوں نے آٹھ گیندوں میں صرف پانچ رنز اسکور کئے تھے ۔ واٹسن ہی کی گیند پر ویڈ نے ان کا کیچ لیا ۔ اس کے بعد ویراٹ کوہلی میدان پر آئے اور انہوں نے جارحانہ تیور کے ساتھ بیٹنگ کی ۔ انہوں نے آسٹریلیا کے تقریبا تمام بولرس کی جم پر پٹائی کی ۔ کوہلی کا ساتھ سریش رائنا نے بھی اچھے ڈھنگ سے دیا ۔ سریش رائنا نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 41 رنز اسکور کئے تھے ۔ جیمس فالکنر نے انہیں بولڈ کیا ۔ آخری لمحات میں کپتان دھونی میدان پر آئے اور انہوں نے تین گیندوں میں ایک چھکے اورا یک چوکے کی مدد سے گیارہ رن بنائے اور ناٹ آوٹ رہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن کامیاب بولر رہے جنہوں نے 24 رنز دے کر دو وکٹس حاصل کئے ۔ ایک وکٹ فالکنر نے لی ۔ جواب میں آسٹریلیائی اننگز کی شروعات بھی اچھی رہی اور پہلی وکٹ کی رفاقت میں 47 رن بنائے گئے تھے ۔ ڈیوڈ وارنر کو بمرا کی گیند پر کوہلی نے کیچ کیا ۔ وارنر نے نو گیندوں میں ایک چھکا اور دو چوکے لگائے تھے ۔ دوسرے اوپنر آرون فنچ نے 33 گیندوں کا سامنا کیا اور چار چوکوں و دو چھکوں کی مدد سے 44 رن بنائے ۔ انہیں آر اشون نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ اسٹیون اسمتھ 14 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 21 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ جڈیجہ کی گیند پر کوہلی نے ان کا کیچ لیا ۔ ٹی ایم ہیڈ صرف دو رن ہی بناسکے اور انہیں رویندر جڈیجہ نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ لن نے 17 رن بنائے تھے ۔ اشون نے انہیں نہرا کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا ۔ میتھیو ویڈ پانچ رن بناکر پانڈیا کی گیند پر جڈیجہ کو کیچ دے بیٹھے جبکہ جیمس فالکنر 10 رن بناکر بمرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ رچرڈسن کو نہرا نے 9 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کیا ۔ بوئس تین رن بناکر بمرا کی گیند پر پانڈیا کو کیچ دے بیٹھے جبکہ شان ٹیٹ ایک رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمرا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 23 رنوں کے عوض تین وکٹس حاصل کئے جبکہ آر اشون ‘ رویندر جڈیجہ اور پانڈے نے دو دو وکٹس لئے ۔ ایک وکٹ آشیش نہرا کے حصے میں آئی ۔ ویراٹ کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تین میچس کی سیریز میں ہندوستان نے 1 – 0 سے سبقت حاصل کرلی ہے ۔