نئی دہلی 10 جون ( سیاست ڈاٹ کام)ملک میں کاروبار کی لاگت میں کمی کرنا ضروری ہے تا کہ سرمایہ کاری کے دور کا احیاء کیا جاسکے ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کاروبار کا ماحول بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کاروبار کی لاگت کم کرنا ایک اہم ذریعہ ہے جس کے ذریعہ سرمایہ کاری کے دور کا احیاء ممکن ہے ۔ ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے تمام شعبوں کے نگرانکار داروں کے درمیان باہم ربط کے رویہ کی ضرورت پر زور دیا تا کہ معاشی استحکام حاصل کیا جاسکے ۔ نئی حکومت سے وابستہ بلند سیاسی توقعات اور موجودہ دستیاب مواقع کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیرینہ مسائل جو معیشت کو در پیش ہیں حل کئے جانے چاہئے ۔ جیٹلی معاشی شعبہ کی ترقیاتی کونسل سے خطاب کررہے تھے جس نے مالی شعبہ کے نگرانکار اداروں بشمول ریزرو بینک گورنر رگھو رام راجن اور سیبی کے سربراہ یو کے سنہا نے شرکت کی تھی۔ مرکزی وزیر فینانس نے مالی ارتکاز کے بارے میں نگرانی میں لاپرواہی پیدا کرنے کے خلاف بھی انتباہ دیا ۔ معتمد فینانس ارویند مایا رام نے کونسل کو بڑے پیمانے کی معاشی صورتحال اور دوگنے خسارے کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا تاہم کہا کہ معاشی فروغ کے احیاء کے طویل مدتی جدوجہد ضروری ہے ۔ 2013-14 میں شرح ترقی 4.7 ہوگئی تھی اور چلر فروشی کا افراط زر ماہ اپریل میں گذشتہ تین سال کی بلند ترین سطح 8.59 فیصد پر تھا۔ اسی کی وجہ سے شرح ترقی میں انحطاط پیدا ہوا تھا۔ علاوہ ازیں مالی خسارہ2013-14 میں جی ڈی پی کا 4.5فیصد تھا جبکہ گذشتہ سال یہ پیوستہ سال کا 4.9 فیصد تھا۔