ممبئی ۔ 22 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی بیٹنگ لیجنڈ وی وی ایس لکشمن کا ماننا ہے کہ موجودہ نیشنل کرکٹ ٹیم میچ ونرس سے بھرپور ہے اور اگر وہ اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق کھیلیں تو وہ سری لنکا کو اُنھیں کے میدانوں پر شکست دے سکتے ہیں۔ ہندوستان 12 اگسٹ سے تین ٹسٹ کی سیریز سری لنکا میں کھیلنے جارہا ہے ۔ لکشمن نے یہاں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو میں بتایا کہ موجودہ ہندوستانی ٹیم نے زائد از 2 سال کے دوران برصغیر میں شاید ہی کوئی ٹسٹ کھیلا ہے لہذا ہندوستان کی یہی کوشش رہے گی کہ سری لنکا میں اچھا مظاہرہ کیا جائے ۔ اُن کیلئے اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق کھیلنا اہم ہے ۔ ’’میں نے ہمیشہ مانا ہے کہ موجودہ ہندوستانی ٹیم میں کئی میچ ونرس کے ساتھ اونچے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔ مجھے یقین ہے اگر وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ سری لنکا کو سری لنکا میں شکست دیں گے جو بڑی کامیابی ہوگی ‘‘۔ لکشمن کرکٹ ویب سائیٹ cricketcountry.com کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعلان کرنے کیلئے اس شہر آئے ہیں ۔ یہ انڈیا ویب سائیٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ پورٹل کی گروپ ویب سائیٹ ہے ۔ 40 سالہ سابق مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ دوسری طرف سری لنکا والے بھی اپنی بہترین سعی پیش کرنے کے مشتاق ہوں گے کیوں کہ یہ سری لنکا کے کرکٹ لیجنڈ کمار سنگاکارا کیلئے وداعی سیریز ہونے جارہی ہے ۔ چنانچہ یہ سری لنکا کیلئے بڑی سیریز ہوگی۔ ہندوستان کیلئے 134 ٹسٹ کھیلنے والے لکشمن نے کہاکہ موجودہ ہندوستانی ٹسٹ کیپٹن ویراٹ کوہلی نے اب تک اُنھیں ملنے والے محدود مواقع میں بحیثیت کپتان کافی اچھا مظاہرہ پیش کیا ہے ۔ لکشمن نے کہا کہ اُن کے خیال میں کسی بھی کھلاڑی کیلئے ممکنہ حد تک فطری مظاہرہ کرنا اہم رہتا ہے ۔ ویراٹ نے بھی ہمیشہ اسی طرح کا رجحان پیش کیا ہے اور وہ جارحانہ اور مثبت انداز کو ترجیح دیتے ہیں ۔