ہندوستان متواتر تیسری شکست کے بعد فائنل سے باہر

 

ممبئی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میڈیم فاسٹ بولر میگن اسکٹ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت آسٹریلیائی ٹیم نے ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سہ رخی سیریز کے مقابلہ میں نہ صرف 36 رنز کی شکست دی بلکہ میزبان ٹیم کو فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم متواتر تیسری شکست کے بعد رواں ٹورنمنٹ کے فائنل سے باہر ہوچکی ہے۔ آسٹریلیا نے کامیابی کیلئے ہندوستان کے سامنے 186/5 کا چیلنجنگ اسکور رکھا جس میں بیت مونی اور ایلیس ویلانی نے نصف سنچریاں اسکور کیں جوابی اننگز میں میگن کی شاندار بولنگ 3/31 کی بدولت ہندوستان کو 150/5 تک محدود رکھا۔ آسٹریلیا کیلئے پہلی ہیٹ ٹرک لینے کا اعزاز حاصل کرنے والی بولر میگن نے اپنی تین گیندوں پر انفام سمرتی مندنا (3) تجربہ کار متھالی راج (0) اور دپتی شرما (2) کو آوٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔ میگن نے دوسرے اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر مندنا اور متھالی کو آوٹ کیا جس کے بعد اگلی اوور کی پہلی گیند پر دپتی کو آوٹ کیا۔ اس موقع پر کپتان ہرمن پریت کور 30 گیندوں میں 33 رنز اور ممبئی کی نوجوان کھلاڑی جمیما 41 گیندوں میں 50 رنز کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 54 رنز کی پارٹنر شپ بنی لیکن یہ بھی ہندوستان کو شکست سے محفوظ نہ رکھ سکی۔ نیز انوجا پٹیل نے 26 گیندوںمیں 38 رنز بناتے ہوئے ٹیم کیلئے اشد ضروری کامیابی کی امیدیں برقرار رکھیں لیکن کب تک مطلوبہ رن ریٹ کافی بڑھ چکا تھا۔