کراچی۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ دسمبر میں ہندوستان کے خلاف مقدمہ کرنے جارہے ہیں۔اس وقت پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کسی سے لڑائی نہیں لڑنا چاہتا بلکہ پی سی بی اپنے نقصان کا ازالہ چاہتا ہے۔ہندوستان نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔مقدمہ میںاسی کو بنیاد بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز بورڈ سے سیریز کے سارے معاملات طے ہوچکے ہیں صرف تاریخوں کو طے کیا جارہا ہے۔جلد سیریز کے لئے تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔اس بارے میں ابہام کو ختم کرکے میڈیا کو جلد بتائیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھر طویل مدتی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔وہ پاکستان میں چھوٹے چھوٹے ٹورنمنٹس سے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کررہے ہیں۔جس طرح پاکستان نے چیمپئنزٹرافی جیتی ہے مجھے امید ہے کہ پاکستان اگلا ورلڈ کپ بھی جیتے گا۔