کراچی۔4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستا ن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ ، ہندوستان کی سیریز کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان سے ایک ٹسٹ کم کھیل رہا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی سیریز کا شیڈول، سری لنکا کی جانب سے تاخیر کا شکار ہے۔ پاکستان ٹیم کو جنوری میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ نیوزی لینڈ چھ ماہ بعد ہونے والی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے تاہم اکتوبر میں ہونے والی سیریز کے لئے ابھی تک شیڈول کی منظوری نہیں ہوسکی ہے۔ اس وقت سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان سری لنکا میں سیریز چل رہی ہے۔پاکستان کے خلاف سیریز ختم ہوتے ہی پندرہ نومبر سے24 دسمبر تک سری لنکا کی ٹیم ہندوستان کا دورہ کرے گی اور تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں کے درمیان تین ونڈے اور تین ٹی 20 مقابلے بھی ہوں گے۔ پی سی بی چاہتا ہے کہ لنکا سیریز کا آغاز ٹی 20 سیریز سے ہو تاہم وہ چاہتے ہیں کہ سیریز کا آغاز ٹسٹ میچوں سے ہو۔ چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کھیلنے کے لئے پاکستانی ٹیم 24ستمبر کودبئی پہنچے گی۔سیریز کا پروگرام اس وقت منظوری کے لئے سری لنکائی حکام کے پاس ہے۔ تاہم سری لنکا نے درخواست کرکے ایک ٹسٹ کم کرادیا ہے۔ اب سیریز میں دو ٹسٹ پانچ ونڈے اور تین ٹی 20 ہوں گے۔ ٹسٹ دبئی اور ابوظہبی میں ہوں گے۔ شہریار خان نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کرکٹ کی مدد کرنا چاہتا ہے لیکن ابھی تک ان کے دعوے عملی طور پر سامنے نہیں آسکے ہیں۔