ہندوستان سے جنوبی ایشیائی حکمت عملی کے استحکام کو خطرہ

سرجیکل حملوں اور محدود جنگ کی باتیں نقصان رساں: صدر پاکستان عارف علوی
اسلام آباد ۔ 15 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صدر عارف علوی نے آج کہا کہ ہندوستان کی طرف سے مہلک اسلحہ کے حصول اور جارحانہ تیور کے سبب جنوبی ایشیاء میں حکمت عملی کے استحکام کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ ریڈیو پاکستان نے خبر دی ہے کہ علوی نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے اپنے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی سالمیت و یکجہتی کی دفاع کیلئے صلاحیت پر کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ ’’ہمارے پڑوسی کو ترقی یافتہ فوجی ہارڈویر اور نیوکلیئر ٹکنالوجی کی سربراہی کیلئے بعض ممالک کی طرف سے دیئے گئے امتیازی و جانبدارانہ استثنات نے علاقائی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے اور نیوکلیئر عدم پھیلاؤ سمجھوتہ کی صداقت کو پامال کردیا ہے ‘‘ ۔ پاکستان کے صدر نے جو حکمراں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی ارکان میں شمار کئے جاتے ہیں ، آج یہاں حکمت عملی کے علوم سے متعلق ادارہ میں ’’عالمی عدم پھیلاؤ سمجھوتہ : چیلنجس اور ردعمل‘‘ کے زیرعنوان خطاب کے دوران یہ تبصرہ کیا ۔عارف علوی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیاکہ ’’سرجیکل حملوں‘‘ اور ’’محدود جنگ‘‘ کی باتوں کا نوٹ لیاجائے کیونکہ اس قسم کے جارحانہ تیورصرف نقصان ہی پہونچاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان اس علاقہ میں حکمت عملی کا استحکام برقرار رکھا ہے اور ہمیشہ صبر و ذمہ داری کامظاہرہ کرتا رہے گا ۔ علوی نے ہندوستان کا نام لئے بغیر کہاکہ اس قسم (سرجیکل حملے اور محدود جنگ) کے خیالوں میں رہنے والوں کو اس سے پیدا ہونے والے کسی بھی صورتحال اور عواقب کی ذمہ داری برداشت کرنا ہوگا ۔ انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ بہتر وخوشگوار ماحول برقرار رہیگا ۔