آکلینڈ۔6فبروری( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے پھر ایک مرتبہ ابتدائی سبقت کو گنوادیا اور کپتان برنڈن مکالم کی ناقابل شکست اور کین ولیمسن کی ایک اور شاندار سنچری اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے یہاں پہلے دن کھیل کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز کا بہتر اسکور بنالیاہے حالانکہ ایک موقع پر میزبان ٹیم 30/3 کی نازک صورتحال میں جدوجہد کررہی تھی ۔ دن کے اختتام پر مکالم 210گیندوں میں 10چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 143 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے کے علاوہ چوتھی وکٹ کیلئے ولیمسن کے ہمراہ 221رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو نازک صورتحال سے مستحکم موقف میں پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ علاوہ ازیں ولیمسن نے 172گیندوں میں 10چوکوں کی اور 2چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ہندوستان کیلئے خطرناک ثابت ہورہی اس پارٹنرشپ کو ظہیرخان نے اس وقت توڑا جب انہوں نے ولیمسن کو وکٹوں کے پیچھے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں میزبان بیٹسمین کو آؤٹ کروایا ۔ پہلے دن کے اختتام پر دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین آل راؤنڈر کورے اینڈرسن رہے جنہوں نے 78 گیندوں میں 5چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ مکالم اور اینڈرسن کے درمیان تاحال پانچویں وکٹ کیلئے 78رنز کی ناقابل تسخیر رفاقت بن چکی ہے ۔قبل ازیں کپتان دھونی نے دورہ نیوزی لینڈ پر اپنا متواتر چھٹا ٹاس جیتا اور وہ خوش بھی دکھائی دے رہے تھے کیونکہ ابرآلود موسم اور ہری وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ماحول فراہم کررہے تھے جس کا قومی فاسٹ بولروں نے فائدہ بھی اٹھایا لیکن کپتان دھونی کے ہمراہ ہندوستانی کھلاڑیوں نے 4کیچس چھوڑے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مکالم نے جڈیجہ کی گیند پر ایک ہمالیائی چھکے کے ذریعہ سنچری مکمل کی جو ک ہندوستان کے خلاف انکی تیسری اور کریئر کی 8ویں سنچری رہی ۔ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ظہیرخان ‘ ایشانت شرما اور محمد سمیع نے میزبان ٹیم کے ابتدائی بیٹسمینوں پر کافی دباؤ بنایا اور کھانے کے وقفہ سے قبل انہیں 3نشانات پر صرف 54 رنز بنانے کا موقع دیا ۔ ان حالات میں اوپنرس ٹیسر فلٹن (13) ‘ ہیمیش روتھر فورڈ(6) اور شاندار فام میں موجود راس ٹیلر(3) جلد پویلین لوٹ گئے ۔ سمیع کی بولنگ پر کیچ چھوڑا گیا۔ ظہیرخان 98رنز کے عوض دو اور ایشانت شرما 62رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ہندوستانی ٹیم میں آج روی چندرن اشون کو شامل نہیںکیا گیا ۔