فتح اللہ (بنگلہ دیش) ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپیئن پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم افغانستان کے بہتر مظاہرہ کے بعد کوچ کبیرخان نے ہندوستان اور سری لنکا کو ہوشیار رہنے کا انتباہ دیا اور کہا کہ یہاں کھیلے جارہے ایشیاء کپ میں ان کی ٹیم کامیابی کے حصول کیلئے کافی بے چین ہے۔ افغانستان کے بولروں نے گذشتہ روز پاکستان کے خلاف ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں دفاعی چمپیئن کو 117/6 تک محدود رکھتے ہوئے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی تھی لیکن 248 رنز کے تعاقب میں ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی افغانستان کی ٹیم 72 رنز سے پیچھے رہ گئی۔
پاکستان کے خلاف شکست اور ٹورنمنٹ میں کامیابی کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے خان نے یہاں صاحب عثمان علی اسٹیڈیم میں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی کامیابی کیلئے بے چین ہیں اور وہ ٹورنمنٹ کے ماباقی مقابلہ میں فتوحات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ نیز ایک یا دو کامیابی اس نوجوان ٹیم کے مستقبل کو تبدیل کرنے میں کلیدی رول ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹیم کے مظاہرہ کے بعد ٹورنمنٹ میں حریف ٹیموں کو ہمیں آسان تصور کرنے سے قبل اپنے خیال پر ایک سے زائد مرتبہ نظرثانی کرنی ہوگی
کیونکہ ہمارا بولنگ شعبہ کسی قدر مضبوط ہے۔ دولت زدران اور شاہ پور زدران ٹیم کے ایسے فاسٹ بولر ہیں جوکہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقاریونس کے مداح ہیں۔ علاوہ ازیں افغانستانی کھلاڑی جسمانی طور پر طاقتور ہیں اور ان کا جارحانہ مزاج فاسٹ بولنگ کیلئے موزوں ہوتا ہے۔ نیز گھریلو کرکٹ میں بھی نوجوان کھلاڑی فاسٹ بولر بننے کے خواہاں ہیں اور کوئی اسپن بولنگ کو پسند نہیں کرتا۔ افغانستانی ٹیم کے کوچ کا ماننا ہیکہ پہلی مرتبہ ٹورنمنٹ میں شرکت کررہی افغانستان کی کرکٹ ٹیم یہاں ٹورنمنٹ نہ سہی لیکن چند ایک مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کی خواہاں ہیں اور یہی خواہش اسے کسی بھی سخت حریف کو حیران کن شکست دینے کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔