کارڈیف۔5 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)دورۂ انگلینڈ کا کامیاب آغاز کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کل یہاں انگلینڈ کیخلاف کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹوئنٹی 20 مقابلے میں بھی شاندار مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز میں کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ہندوستانی ٹیم نے پہلے مقابلے میں کلدیپ یادوکی شاندار بولنگ اور لوکیش راہول کی شاندار سنچری کی بدولت نہ صرف پہلے ٹی 20 میں میزبان انگلش ٹیم کوشکست دی بلکہ طویل دورۂ انگلینڈکا بھی کامیاب آغاز کیا ہے۔ہندوستانی ٹیم متواترچھٹی سیریز کامیابی سے محض ایک کامیابی دور ہے اور وہ کل یہاں دوسرے مقابلے میں کامیابی کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دینے کے لئے کوشاں ہوگی ۔ہندوستان نے نومبر2017 میں نیوزی لینڈ کیخلاف2-1 کی کامیابی کے ساتھ ٹی 20 سیریزمیں فتوحات کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اب اسکی نظریں انگلینڈ کیخلاف متواتر چھٹی سیریز کامیابی پر مرکوزہے۔