ناٹنگھم ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل یہاں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ونڈے سیریز کے تیسرے مقابلہ میں کامیابی کے سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے ناقابل تسخیر 2-0 کی سبقت حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی لیکن مہمان ٹیم کیلئے بری خبر یہ ہیکہ اس کے اوپنر روہت شرما انگلی میں فریکچر کے باعث دورہ انگلینڈ سے باہر ہوچکے ہیں کیونکہ اب وہ انگلینڈ کے خلاف ماباقی تین ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ روہت شرما جنہوں نے گذشتہ مقابلہ میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کی تھی اور ہندوستانی ٹیم نے 133 رنز کی کامیابی کے ذریعہ سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی۔ روہت شرما کے سیدھے ہاتھ کی درمیانی انگلی میں فریکچر آیا ہے اور اب ان کے دورہ انگلینڈ سے باہر ہوجانے کے بعد ونڈے سیریز کے ماباقی مقابلوں میں ان کے مقام پر مرلی وجئے اننگز کا آغاز کریں گے۔
شرما کے زخمی ہوجانے سے تیسرے ونڈے میں ہندوستان کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ اوپنر شکھر دھون پہلے ہی ناقص فام کا شکار ہیں اور اب مرلی وجئے کو ٹسٹ کے ماحول سے باہر نکلتے ہوئے ونڈے کرکٹ کھیلنے ہوگی۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان رواں سیریز کا پہلا مقابلہ برسٹل میں منعقد شدنی تھا لیکن بارش کی وجہ سے یہ مقابلہ منسوخ کردیا گیا جبکہ کارڈف میں منعقدہ دوسرے مقابلہ میں بارش کے بعد ڈکورتھ لوئس نظام کے تحت ہندوستانی ٹیم کو 133 رنز کی کامیابی اور سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہوئی ہے۔ اس کامیابی میں بائیں ہاتھ کے بیٹسمین سریش رائنا کی 75 گیندوں میں 100 رنز کی اننگز میں اہم رول ادا کیا
جبکہ رویندر جڈیجہ نے بہتر بولنگ کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ کارڈف میں ہندوستانی ٹیم نے جو کامیابی حاصل کی ہے اس میں ہندوستان کیلئے خوش آئند ہیکہ اس کے 6 بیٹسمینوں میں 4 نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جس میں روہت شرما کی نصف سنچری کے علاوہ اجنکیا راہنے کے ہمراہ 91 رنز کی پارٹنر شپ بھی اہم رہی۔ راہنے نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ ہندوستان کیلئے شکھردھون اور ویراٹ کوہلی کا ناقص فام تشویش کا باعث ہے کیونکہ شکھر دھون دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بھی 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز کے دوران ناقص فام کی وجہ سے جب قطعی 11 کھلاڑیوں سے باہر ہوگئے تھے،
تب ویراٹ کوہلی نے ایک مقابلہ میں اننگز کا آغاز بھی کیا تھا۔ دھون نے جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں 7 اننگز کے دوران 12 ، 0 ، 32، 12 ، 28، 9 اور 11 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ ورلڈ کپ میں بھی حالات مذکورہ ممالک کی طرح ہی ہوں گے۔ ٹیم انتظامیہ ورلڈ کپ کی تیاری کے تناظر میں جن ناموں کو قطعی 11 کھلاڑیوں کا حصہ بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے، اس میں شکھردھون کا ناقص فام تشویش کا باعث ہے۔ دوسری جانب انگلش ٹیم جسے پہلے ونڈے میں یہ شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی ہے وہ اس مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ سیریز میں واپسی کیلئے کوشاں ہے۔ انگلینڈ کیلئے اوپنر ایلیکس ہالیس اور کریس ووکس کے مظاہرے قابل خوش آئند رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے مظاہرے ناقص ہونے کے علاوہ ورلڈ کپ کے تناظر میں ان کے مظاہروں پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔