ڈربی۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ میں کامیابی کی ہیٹ ٹرک کرنے والی ہندستانی کرکٹ ٹیم اپنی اسٹار کپتان متھالی راج کی کپتانی میں کل سری لنکا کے خلاف بھی اسی سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے ٹورنمنٹ میں خطاب کی اپنی دعویداری اور مضبوط کرنے اترے گی۔ہندستانی ٹیم نے اب تک اپنے گزشتہ تینوں میچ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور روایتی حریف پاکستان سے یک طرفہ انداز میں جیتے ہیں اور وہ جدول میں سب سے اوپر پہنچ گئی ہے ۔ ہندستان کی طرح چھ نشانات کے ساتھ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے ۔وہیں سری لنکا گزشتہ تینوں میچ ہارنے کے بعد چھٹے نمبر پر ہے اور اس کا کھاتہ اب تک نہیں کھلا ہے ۔ٹیم متھالی ابھی سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے سے کچھ ہی دور ہے اور ایسے میں سری لنکا کے خلاف کامیابی اس کی دعویداری کو مضبوط کر دے گی۔ہندستان کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنی سلسلہ کو برقرار رکھے اور حد سے زیادہ خود اعتمادی سے بچتے ہوئے کامیابی درج کرے ۔زبردست فارم میں چل رہی قومی ٹیم نے گزشتہ میچ میں روایتی حریف پاکستان کو یک طرفہ انداز میں95 رنز سے شکست دے اور اس کامیابی نے اس کے حوصلے کو اور بھی بڑھایا ہے ۔متھالی نے میچ سے قبل کہا کہ ٹیم سری لنکا کے خلاف فوری وکٹ گنوائے بغیر تال بنائے گي اور اچھی شراکت کر کے مخالف ٹیم پر دباؤ بنانے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف وکٹ کے مناسبت سے اپنا منصوبہ بنائیں گی۔ٹیم کے پاس اچھے اسپنر اور فاسٹ بولر موجود ہیں اور فی الحال ہندوستان کا بیٹنگ اور بولنگ میں پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے ۔ہندستانی ٹیم نے پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں مقررہ 50 اوور میں 169 رن کا آسان اسکور بنایا تھا لیکن اس کی بولروں نے اس مختصر اسکور کا بھی بخوبی دفاع کیا اور پاکستانی ٹیم کو 74 رنز پر ہی ڈھیر کر دیا۔