ہندوستان آج افغانستان کیخلاف میڈل آرڈر کو آزمانے کا خواہاں

دبئی ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جوکہ رواں ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے وہ کل سوپر 4 کے آخری مقابلہ میں افغانستان کے خلاف اپنے مڈل آرڈر بیٹسمینوں کو بیٹنگ کا موقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ جمعہ کو کھیلے جانے والے فائنل سے قبل انہیں بھی بیٹنگ کا موقع مل سکے۔ ہندوستان نے گذشتہ رات کٹر حریف پاکستان کو پھر ایک مرتبہ یکطرفہ مقابلہ میں شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے اور فائنل میں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلہ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ ہندوستان کیلئے شکھر دھون 327 رنز اور کپتان روہت شرما 269 رنز کے ساتھ فتوحات میں اہم رول ادا کیا ہے اور ساتھ ہی دھون نے 284 اور روہت نے 321 گیندوں کا سامنا کیا ہے۔ ان کے بعد امباتی رائیڈو نے 162 گیندیں کھیلی ہیں۔ ان کے برعکس دنیش کارتک کو 78، دھونی کو 40 اور کیدار کو 27 گیندیں کھیلنے کا بھی موقع ملا ہے حالانکہ روہت نے دھونی کو بنگلہ دیش کے خلاف چوتھے مقام پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا تھا جہاں انہوں نے 33 رنز اسکور کئے لیکن وہ دباؤ کے لمحات نہیں تھے۔ ہندوستانی کپتان امید کررہے ہیں کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کریں تاکہ تیزی سے نشانہ حاصل کرنے کے برعکس 50 اوورس بیٹسمینوں کو کھیلنے کا موقع مل سکے۔ ٹورنمنٹ میں ہندوستانی بولروں نے شاندار مظاہرے کئے ہیں جبکہ اسپنرس جوڑی چہل اور کلدیپ نے تاحال فی کس پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ہندوستانی مڈل آرڈر کوافغانی نمبر ایک بولر راشد خان کا چیلنج درپیش رہے گا جوکہ ٹورنمنٹ میں بہترین فام کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ امکان ہیکہ ہندوستانی ٹیم بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا کو آرام دیتے ہوئے نوجوان بولروں کو موقع دے سکتی ہے۔ دوسری جانب افغانستان کی ٹیم شاندار مظاہروں کے باوجود فائنل کیلئے رسائی حاصل نہیں کرپائی ہے لہٰذا وہ دیگر ٹیموں کی طرح ہندوستان کیلئے حالات مشکل کرنے کے علاوہ حیران کن کامیابی کیلئے بھی کوشاں ہوگی۔ جیسا کہ اس ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں ہی شعبوں میں ٹورنمنٹ میں تاحال بہترین مظاہرے کئے ہیں جس میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف فتوحات بھی ہیں۔