گلاسگو ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے 20 ویں کامن ویلتھ گیمس کی اپنی مہم کا یہاں نیشنل ہاکی سنٹر میں کامیاب آغاز کرتے ہوئے ویلس کے خلاف 3-1 کی کامیابی حاصل کی۔ عالمی درجہ بندی میں 9 ویں مقام پر فائز ہندوستانی ٹیم نے گلاسگو گیمس میں اپنا پہلا نشان حاصل کر لیا ہے۔ ہندوستان کیلئے مقابلہ کے آغاز پر 20 ویں منٹ میں پہلا گول وی آر رگھوناتھ جبکہ دوسرا گول 42 ویں منٹ میں روپیندر پال سنگھ نے کیا اور یہ دونوں ہی گول پینالٹی کارنر پر بنائے گئے ہیں۔ ہندوستان کیلئے تیسرا گول مقابلہ کے 47 ویں منٹ میں گرویندر سنگھ چنڈی نے اسکور کیا جوکہ میدان کے بہترین کھیل کا نتیجہ رہا۔ حریف ٹیم کیلئے واحد گول اینڈریو کارنک نے مقابلہ کے 23 ویں منٹ میں ہی بنایا۔ ہندوستان نے مقابلہ کا آ غاز معیاری انداز میں نہیں کیا جیسا کہ مقابلہ کے آغاز پر 5 ویں منٹ میں ہی روپیندر کی فلیک میں پینالٹی کارنر سے دور گیند پہنچائی
اور قومی ٹیم نے گول بنانے کا موقع گنوایا۔ دوسری جانب حریف ٹیم ویلس نے ابتداء میں محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے ہندوستان کو گول بنانے موقع فراہم نہیں کیا لیکن مقابلہ کے پہلے نصف مرحلے کے آخری 15 منٹوں میں حریف کھلاڑیوں کے مظاہروں میں جارحانہ تیور نمایاں دکھائی دیئے۔ ہندوستان اور ویلس دونوں ہی ٹیموں کو مقابلہ کے ابتدائی مرحلہ میں پینالٹی کارنر دستیاب ہوئے تھے لیکن دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ان پینالٹی کارنرس کو گول میں تبدیل نہیں کیا۔ پہلے مرحلہ کا اختتام 1-1 کے ذریعہ برابری پر ختم ہوا۔اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کو عالمی درجہ بندی میں 31 ویں مقام پر فائز ویلس کے خلاف کامیابی کیلئے پسندیدہ قرار دیا جارہا تھالیکن سردار سنگھ کی ٹیم مقابلہ کا بہتر آغاز نہیں کرپائیں۔