ہندوستانی ہاکی ٹیم کو نیدرلینڈس کیخلاف 2-4 کی شکست

نئی دہلی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے کامیاب جدوجہد کی لیکن اِسے دورہ یوروپ میں آج دوسری ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے جیسا کہ قومی ہاکی ٹیم کو نیدرلینڈس کے خلاف 2-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ نیدرلینڈس نے مقابلہ کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور مقابلے کے آغاز پر نویں منٹ میں مرکو پروسر میں گول بناتے ہوئے ٹیم کو سبقت دلائی۔ بعدازاں گلین شورمان اور تریستان الجیرا نے بالترتیب پندرھویں اور 28 ویں منٹ میں گول بناتے ہوئے اپنی ٹیم کی سبقت کو تین گنا کردیا

اور ابتدائی نصف مرحلہ کے اختتام پر میزبان ٹیم کو 3-0 کی سبقت حاصل تھی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں کسی قدر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 37 ویں منٹ میں ایس کے اوتھپا کی جانب سے بنائے جانے والے گول کی بدولت اپنے اسکور کا آغاز کیا۔ بعدازاں کپتان سردار سنگھ نے 40 ویں منٹ میں گول بناتے ہوئے حریف ٹیم کی سبقت کو کم کرنے کی کوشش کی۔ بعدازاں مقابلے کے 60 ویں منٹ میں بلی بیکر نے گول بناتے ہوئے ٹیم کے لئے چوتھا گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کی 4-2 کی کامیابی کو یقینی بنادیا۔ یاد رہے کہ بلجیم کے خلاف بھی ہندوستانی ٹیم کو 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔