نئی دہلی ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں سلور میڈل حاصل کرتے ہوئے تازہ دم ہندوستانی ہاکی ٹیم اب ایشین گیمس پر اپنی نظریں مرکوز کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا دورہ کررہی ہے جہاں دونوں ممالک کے درمیان 3 مقابلوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 6 اگست کو کھیلا جائے گا اور یہ سیریز دراصل جنوبی کوریا میں منعقد شدنی ایشین گیمس کی تیاری کا حصہ ہے۔ اس سیریز سے امید کی جارہی ہیکہ ہندوستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کو بہترین موقع دستیاب ہوگا تاکہ وہ 19 ستمبر تا 4 اکٹوبر جنوبی کوریا میں منعقد شدنی ایشین گیمس میں بہتر مظاہرہ کرسکے۔ امید کی جارہی ہیکہ اس ٹیم کی قیادت تجربہ کار ڈیفنڈر وکرم کانت کریں گے جبکہ میڈ فیلڈر ایس کے اتھپا ان کے نائب ہوں گے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم کل ڈھاکہ روانہ ہوگی جہاں 6 اگست کو پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ 8 اگست کو دوسرا 9 اگست کو تیسرا مقابلہ کھیلا جائے گا جس کے بعد دوسرے دن ہندوستانی ٹیم وطن واپس ہوجائے گی۔