نئی دہلی ۔ 7ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم کو سخت ترین گروپ پول۔بی میں عالمی چمپئن آسٹریلیا اور اولمپک میں برونز میڈل حاصل کرنے والی جرمنی ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے ‘ جیسا کہ مینس ہاکی ورلڈ لیگ ( ایچ ڈبلیو ایل ) کا انعقاد بھونیشور میں یکم تا 10ڈسمبر ہوگا ۔ ہندوستان کے علاوہ اس گروپ میں آسٹریلیا ‘ جرمنی کے ہمراہ ساتویں مقام کی انگلش ٹیم جس نے یورو ہاکی نیشنس چمپئن شپس میں برونز میڈل حاصل کیا ہے اسے بھی اسی گروپ شامل کیا گیا ہے جس سے یہ گروپ طاقتور ٹیموں کا گروپ بن چکا ہے ۔ تفصیلات کا جو اعلان کیا گیا ہے اس کے تحت ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا مقابلہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی ۔ یکم ڈسمبر کو ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ جرمنی اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ‘ جب کہ 2ڈسمبر کو ارجنٹینا کا مقابلہ بلجیم اور نیدر لینڈ کا مقابلہ اسپین سے ہوگا ۔ پول ۔ اے میں اولمپک چمپئن ارجنٹینا ‘ یوروپی چمپئن نیدر لینڈر ‘ اولمپک سلور میڈلسٹ بلجیم کے علاوہ اسپین موجود ہیں ۔ یوروپی حریف ٹیمیں جرمنی اور انگلینڈ کلنگا اسٹیڈیم میں ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ کھیلیں گے جبکہ 2ڈسمبر کو سوپر ساٹرڈے ہوگا ۔ اس دن 2016اولمپک کی گولڈ میڈل فاتح ٹیم ارجنٹینا اور بلجیم کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ متوقع ہے ‘ کیونکہ دو برس قبل ان کے درمیان ریو اولمپک کا مقابلہ بھی کھیلا گیا تھا ۔ ابتدائی مرحلہ کے مقابلے یکم تا 5ڈسمبر کھیلے جائیں گے ۔ اس کے بعد 6 اور 7ڈسمبر کو کوارٹر فائنلس مقابلے ہوں گے ۔ بعد ازاں دو دن سیمی فائنل مقابلے ہوں گے جو برونز میڈل کیلئے کھیلے جائیں گے ۔ بعدازاں 10ڈسمبر کو خطابی مقابلہ ہوگا ۔