ہندوستانی کھلاڑی آئی پی ایل سے باہر آئیں : مائیکل وان

لندن ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیم کی شرمناک شکست کی وجہ کپتان مہندر سنگھ دھونی بھلے آئی پی ایل کو نہ مانے لیکن انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہیکہ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو یقینی طور پر آئی پی ایل کے سائے سے باہر آنے کے علاوہ ملک کیلئے کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ وان نے روزنامہ ڈیلی ٹیلی گراف کیلئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں لکھا ہیکہ بی سی سی آئی کو چند سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جبکہ تجویز بھی ہیکہ کھلاڑیوں سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ کاونٹی کرکٹ میں شرکت کریں۔ وان کے بموجب ہندوستانی نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مظاہرہ کیلئے کاونٹی کرکٹ میں شرکت کرنی چاہئے۔

بنگلہ دیش ہاکی ٹیم کا اعلان
ڈھاکہ۔19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)بنگلہ دیشی ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز کیلئے 16رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا۔ ٹیم میں تجربہ کار مڈ فیلڈر شیخ محمد نانو، شبیر حسین ، گول کیپر رفیق الاسلام ، دفاعی کھلاڑی بلال حسین اور راتول احمد کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں میلن حسین اور ابو سعید نیپون کو شامل کیا گیا ہے۔ ایف آ ئی ایچ کے کوچ مائیکل کینن کی نگرانی میں کھلاڑیوں کا تر بیتی کیمپ ان دنوں ڈھاکہ میں جاری ہے جس میں کھلاڑی دو مختلف سیشن میں ٹریننگ کررہے ہیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلے میں پچھلے ہفتے ہندوستان کے ساتھ گھریلو سیریز کھیلی تھی۔