ہندوستانی کرکٹ بورڈ کیخلاف آئی سی سی سے رجوع ہونے پاکستان کی دھمکی

 

لاہور۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہندستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں ہونے کو لے کر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں مقدمہ دائر کرنے پر غور کر رہا ہے جہاں وہ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے معاوضے کے طور پر ایک ارب روپے کا مطالبہ کرے گا۔پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہاکہ ہم نے اس معاملے میں اپنا موقف رکھنے اور تنازعات کے حل کے لئے کمیٹی کے سامنے معاوضہ کا دعوی پیش کرنے کے لئے ایک برطانوی قانونی فرم کو مقرر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنے کے وعدے سے بی سی سی آئی کے مکر جانے کی وجہ سے آئی سی سی تنازعہ کمیٹی میں قانونی جنگ لڑنے کے لئے پی سی بی نے ایک ارب روپے الگ سے رکھے ہوئے ہیں۔شہریار نے کہا کہ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کوئی دو طرفہ سیریز اس لیے نہیں کھیل سکتے کیونکہ ان کی حکومت انہیں منظوری نہیں دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں دونوں بورڈ نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے تھے جس کے تحت دونوں ممالک کو 2015۔2022 کے درمیان چھ دو طرفہ سیریز کھیلنی تھیں۔سمجھوتے کے مطابق ہندستان ، پاکستان کے خلاف چھ سیریز کھیلنے والا تھا، جن میں سے چار سیریز کی میزبانی پاکستان کو کرنی تھی۔سبکدوش ہونے والے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ان خیالات کا اظہار بورڈ آف گورنرز (بی او جی) اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز نے قانونی جنگ کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے اور برطانیہ کے قابل وکلاء کی خدمات لی گئیں۔شہریارخان نے اس موقع پر کہا کہ پی سی بی کے پاس کوئی راستہ موجود نہیں تھا سوائے اس کے کہ اس تنازع کو آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کے سامنے لے جایا جائے ۔پی سی بی، ہندستان میں کرکٹ کا انتظام چلانے والی تنظیم (بی سی سی آئی) کو 2014 سے دو طرفہ سریز نہ کھیلنے پر ہونے والے نقصان کے ازالہ کیلئے 6 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر کا قانونی نوٹس پہلے ہی بھیج چکا ہے ۔