ہندوستانی ٹیم کے دوبارہ چمپئن بننے کا امکان: سچن

لندن۔8نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بیٹنگ لیجنڈ سچن تنڈولکر سمجھتے ہیں کہ آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ونڈے ورلڈ کپ میںہندوستانی ٹیم کے متواتر دوسری مرتبہ چمپئن بننے کے امکانات ہے جب کہ عالمی ایونٹ میں اسپنرس کا کرداراہم ہوگا ۔ آج یہاں لارڈس پر اپنی خودنوشت کے متعارف کرنے کے موقع پر جب سچن تنڈولکر سے پوچھا گیا کہ وہ ورلڈ کپ میں چمپئن بننے والی ٹیم کے متعلق پیش قیاسی کریں تو انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرسکتی ہے۔سچن نے کہا کہ اکثریت اس بات پر تبادلہ کررہی ہے کہ وہاںکی وکٹیں فاسٹ بولرس کے لئے سازگار ہوں گی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میدانوں کے سائز کی بنیاد پر اسپنرس کا کردار اہم ہوگا ۔ سچن تنڈولکر نے مزید کہا کہ ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا ‘ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں خطاب کی مضبوط دعویداروں میںشامل ہیں اور ان چار ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل مقابلے کھیلے جاسکتے ہیں ۔ انگلینڈ کے چمپئن بننے کے ضمن میں سچن سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے اور انگلش ٹیم بھی مسابقتی مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔