ممبئی ۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم دورۂ جنوبی افریقہ میں ونڈے اور ٹسٹ سیریز کی ناکامی کے بعد آج صبح وطن لوٹ گئی ہے ۔ بی سی سی آئی کے ذرائع کے بموجب ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی یہاں پہونچنے کے بعد اپنے اپنے آبائی شہروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔ دریں اثناء کوچ ڈنکن فلیچر اور بولنگ کوچ جو ڈیویس ٹیم کے ساتھ یہاں نہیں پہونچے ہیں اور اُمید کی جارہی ہے کہ عنقریب وہ نیوزی لینڈ روانہ ہونے والی ٹیم کے ساتھ شمولیت اختیار کرلیں گے ۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے فی الوقت مختصر وقفہ دستیاب ہوا ہے کیونکہ 10د نوں بعد بی سی سی آئی کا سالانہ اجلاس باندرہ کی سبربن ہوٹل میں منعقد ہوگا جس میں یہ کھلاڑی شرکت کرنے کے بعد آئندہ روز نیوزی لینڈ کیلئے روانہ ہوجائیں گے ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم 12 جنوری کو نیوزی لینڈ کے دورہ کیلئے روانہ ہوگی جس میں ونڈے ٹیم کے کھلاڑی روانہ ہوں گے جس کے ایک ہفتہ بعد ٹسٹ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑی نیوزی لینڈ کے سفر کا آغاز کریں گے ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 19 جنوری کو ہوگا لیکن کھلاڑیوں کو ایک ہفتہ قبل روانہ کرنے کا مقصد نیوزی لینڈ کی وکٹوں اور موسمی حالات سے قومی کھلاڑیوں کو ہم آہنگ کرنا ہے ۔
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ونڈے 19 جنوری کو نیپیر کے مائیکلین پارک میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 22 جنوری کو دوسرا ونڈے ہیملٹن کے سڈن پارک میں ہوگا ۔ 25 جنوری کو دونوں ٹیموں کے درمیان آکلینڈ کے ایڈن پارک میں تیسرا مقابلہ منعقد ہوگا جبکہ 28 جنوری کو ہیملٹن کے سڈن پارک میں چوتھا اور 31 جنوری کو ویلنگٹن کے ویسٹ پاک اسٹیڈیم میں سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ ظہیر خان ، چٹیشور پجارا اور مرلی وجئے جوکہ ونڈے ٹیم کے ارکان نہیں ہے انھیں ایک ہفتہ بعد نیوزی لینڈ روانہ کیا جائے گا تاکہ وہ 6 فبروری کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے قبل کچھ وقت وہاں خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے گذار سکیں۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پاٹل نے کہا ہے کہ ٹسٹ ٹیم کے چند کھلاڑی ایک ہفتہ بعد نیوزی لینڈ کے سفر پر روانہ ہوں گے ۔ ہندوستانی ٹیم پہلے ٹسٹ سے قبل دو وارم اپ مقابلے 2 اور 3 فبروری کو کھیلے گی جبکہ پہلا ٹسٹ 6 فبروری اور دوسرا ٹسٹ 14 فبروری کو شروع ہوگا ۔