ممبئی۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آئندہ ایمرجنگ نیشنس کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکارکردیا ہے۔ حال ہی میں معاوضے کے سلسلے میں مقدمہ جیتنے والے بی سی سی آئی نے ہندوستانی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکارکیا ہے۔ نیشنس کپ کی میزبانی پاکستان اورسری لنکا مشترکہ طورپرکررہے ہیں، لیکن بی سی سی آئی کے انکارکے بعد ہندوستانی ٹیم سری لنکا میں اپنے مقابلے کھیلے گی جبکہ ٹورنمنٹ کا فائنل بھی کولمبومیں ہوگا۔ سال 2008 میں ممبئی میں دہشت گرد حملے کے بعد سے ہندوستان نے پاکستان کیساتھ دوطرفہ کرکٹ نہیں کھیلا ہے۔ ٹورنمنٹ میں بنگلہ دیش، یو اے ای اورہانگ کانگ کی ٹیمیں کراچی مرحلے کے مقابلے کھیلیں گی جبکہ سری لنکا، ہندوستان اورافغانستان کی ٹیمیں سری لنکا کے کولمبومیں میچ کھیلیں گی۔ بی سی سی آئی دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ باہمی سیریزسے مسلسل انکارکرتا رہا ہے، جس کی وجہ سے پی سی بی نے اس کے خلاف معاہدے کے باوجود دو طرفہ سیریزسے انکارکرنے کے سبب آئی سی سی میں اس کے خلاف قریب 460 کروڑروپئے معاوضے کا مقدمہ دائرکیا گیا تھا۔ اس پرحال ہی میں بی سی سی آئی کے حق میں فیصلہ آیا ہے۔