دھرم شالہ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم گواسکر۔بارڈر ٹسٹ سیریز پر اپنا قبضہ جمانے سے صرف 87 رنز دور ہے جیسا کہ دھرم شالہ میں رواں سیریز کے چوتھے اور فیصلہ کن ٹسٹ کے تیسرے دن کامیابی کے لیے 106 رنز کے تعاقب میں ہندوستان نے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنا لیئے ہیں۔ چوتھے دن ہندوستانی ٹیم ماباقی 87 رنز اسکور کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرسکتی ہے۔ کے ایل راہول نے دوسری اننگز کے پہلے اوور میں آسٹریلیائی فاسٹ بولر پاٹ کمنس کو 3 چوکے لگاتے ہوئے میزبان ٹیم کے لیے ایک بہتر شروعات فراہم کی۔ قبل ازیں رویندر جڈیجہ کے آل رائونڈ مظاہرے کی بدولت ہندوستان کو تیسرے دن مستحکم موقف حاصل کرنے کا موقع ملا۔ کیوں کہ جڈیجہ نے پہلے 63 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو پہلی اننگز میں قیمتی 32 رنز کی سبقت دلوانے میں اہم رول ادا کیا جس کے بعد آسٹریلیائی دوسری اننگز میں 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو شدید نقصان پہنچایا۔ نیز ان کے علاوہ رویچندر اشون نے 13.5 اوورس میں 29 رنز اور فاسٹ بولر اومیش یادو نے 10 اوورس میں 29 رنز کے عوض فی کس 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرتے ہوئے آسٹریلیائی اننگز کو 53.5 اوورس میں ختم کردیا۔ کھیل کے تیسرے دن ہندوستان کے حق میں جو دو اہم باتیں رہی وہ پہلے جڈیجہ کی نصف سنچری جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز اسکور کئے جس کے بعد آسٹریلیائی ٹیم کے اہم بیٹسمین اور کپتان سٹیو اسمتھ کی جانب سے بھونیشور کمار کے خلاف ناقص اسٹروک کھیل کر اپنی وکٹ گنوانا ہے۔ دریں اثناء جارہانہ آل رائونڈر کلین میکس ویل نے 45 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پیٹر ہینڈسکام کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 57 رنز کی پارٹنرشپ نے آسٹریلیا کو کسی قدر راحت کی سانس کا موقع دیا۔ ہینڈسکام نے 18 رنز اسکور کئے علاوہ ازیں میتھو ویڈ نے 90 گیندوں میں 25 رنز بنائے جس کی بدولت ہندوستان کے لیے کامیابی کا نشانہ 100 رنز سے آگے گیا۔ ہندوستانی فاسٹ بولر بھونیشور کمار کا یہ ٹسٹ معمولی ثابت ہورہا تھا لیکن لنچ کے وقفے کے بعد اسمتھ نے انہیں متواتر دو بہترین چوکے لگائے اور تیسری گیند بھی جارحانہ انداز میں کھیلی لیکن وہ بیٹ کا کنارا چھونے کے بعد وکٹوں کو بکھیرتی ہوئی نکل گئی۔ قبل ازیں حالیہ سیزن ہندوستان کے لیے کامیاب فاسٹ بولر ثابت ہونے والے اومیش یادو نے وکٹ پر موجود اچھال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلیائی اوپنرس کو جدوجہد کرنے پر مجبور کیا جس کا فائدہ ہندوستانی ٹیم کو ڈیوڈ وارنر کے جلد آئوٹ ہونے کی شکل میں ملا جو صرف 6 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ میٹ رنشا بھی صرف 8 رن ہی اسکور کر پائے۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز اسکور کئے جس میں رویندر جڈیجہ نے 95 گیندوں کی اننگز میں چار چوکے اور چار چھکوں کے ہمراہ 63 رنز اسکور کئے۔ جڈیجہ نے اپنے ٹسٹ کیریئر میں 7 ویں نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ 7 ویں وکٹ کے لیے 30 اوور میں ساہا کے ہمراہ 96 رنز کی اہم ترین پارٹنرشپ نبھائی جس نے ہندوستان کی کامیابی کے امکانات روشن کردیئے۔آسٹریلیا کے لیے نیتھن لیون کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 92 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ فاسٹ بولر کمنس نے 94 رنز کے عوض 3 ہندوستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیابی حاصل کی۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ اور اسٹیو اوکیف نے بالترتیب 51 اور 75 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔