پونے۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف عالمی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم ہندوستان کی پونے ٹسٹ میں شرمناک شکست پر جہاں چاروں گوشوں سے ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور پونے کی وکٹ پر تنقید کی جارہی ہے وہیں سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کے بعد ٹیم کے ایک اور سابق مڈل آرڈر بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے بھی ہندوستان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میزبان ٹیم سیریز میں شاندار واپسی کرے گی۔ وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لیڈ اور انگلینڈ کے خلاف متواتر سیریز اپنے نام کی ہے جس کے بعد شائقین کی اپنی ٹیم سے توقعات کافی بڑھ گئی تھیں اور پونے ٹسٹ میں مایوس کن شکست کے بعد شائقین کو بھی مایوسی ہونا فطری امر ہے۔ لکشمن نے کہاکہ ایک مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کو ضرور ناکامی ہوئی ہے لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ میزبان ٹیم کے ہاتھوں سے سیریز نکل چکی ہے۔ ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ سیریز میں واپسی کرے۔ پونے ٹسٹ میں ہوئی شکست کے بعد شائقین کی مایوسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ گزشتہ چند ہوم سیریزوں میں میزبان ٹیم کی شاندار فتوحات کی وجہ سے شائقین کی امیدیں بھی کافی بلند ہوچکی ہیں تاہم کامیابی اور ناکامی کھیل کا حصہ ہے۔ لہٰذا شائقین کو بھی اپنی ٹیم کی ناکامی کی صورت میں حمایت کرنا چاہئے۔ ٹیم کے سابق مڈل آرڈر بیٹسمین لکشمن نے آسٹریلیائی ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مہمان ٹیم نے جس انداز میں پونے کی وکٹ کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کیا وہ قابل تعریف ہے۔