ہندوستانی ٹیم بنگلہ دیش روانہ، میڈیا نظرانداز

ممبئی 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تنقیدوں کی زد میں موجود ہندوستانی کرکٹ ٹیم ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کے لئے بنگلہ دیش روانہ ہوچکی ہے۔ تاہم اِس نے بنگلہ دیش روانگی سے قبل پریس کانفرنس کا اہتمام نہیں کیا۔ مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ناکام دورہ کے بعد بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیاء کپ میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لہذا ہندوستانی ٹیم نے میڈیا نمائندوں کا سامنا کرنے کے بجائے بنگلہ دیش روانگی کو اختیار کیا جہاں 16 مارچ تا 6 اپریل کے درمیان آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کھیلا جارہا ہے۔

دریں اثناء ٹیم کے کوچ ڈنکن فلیچر ٹیم کے ساتھ موجود نہیں تھے جس کے بعد اِن پیش قیاسیوں کو تقویت مل رہی ہے کہ بی سی سی آئی نے کوچ فلیچر کو باہر کا راستہ دکھادیا ہے لیکن بی سی سی آئی نے واضح کردیا ہے کہ تنقیدوں کی زد میں موجود ہندوستانی ٹیم کے کوچ فلیچر کو عہدہ سے برطرف نہیں کیا جارہا ہے بلکہ بورڈ کی مکمل حمایت اور تعاون اِنھیں حاصل ہے۔ علاوہ ازیں یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستانی ٹیم آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کیلئے میڈیا کو مخاطب کرے بغیر روانہ ہوچکی ہے۔

گزشتہ برس چمپئنس ٹروفی سے قبل مہندر سنگھ دھونی اور کوچ فلیچر نے ایک متنازعہ کانفرنس کو مخاطب کیا تھا جس میں دھونی سے آئی پی ایل کرپشن اور بدعنوانیوں کے متعلق استفسار کیا گیا تھا۔ ویراٹ کوہلی جنھوں نے دھونی کی عدم دستیابی پر ایشیاء کپ میں ٹیم کی قیادت کی تھی، انھوں نے بھی ٹیم کی روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب نہیں کیا۔ یاد رہے ہندوستانی ٹیم ورلڈکپ کی مہم کا آغاز 21 مارچ کو کٹر حریف پاکستان کے خلاف میرپور میں کرے گی، جس کے بعد اِسی مقام پر ہندوستان کا مقابلہ 23 مارچ کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ ورلڈکپ کے آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم 17 مارچ کو سری لنکا اور 19 مارچ کو انگلینڈ کے خلاف وارم اپ مقابلے کھیلے گی۔ ایشیاء کپ میں شکست برداشت کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے چند تبدیلیاں ہوئی ہیں جیسا کہ مستقل کپتان دھونی کے علاوہ سریش رائنا اور ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے ہیرو یوراج سنگھ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔