ریاض ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے آج ایک اہم بیان جاری کیا گیا جس میں واضح کیا گیا ہیکہ ہندوستان نے سعودی عرب میں کام کرنے کیلئے ہندوستانی ورکرس کو وہاں بھیجنے پر کوئی امتناع عائد نہیں کیا ہے اور افرادی قوت کو مملکت کو بھیجنے کا سلسلہ آج بھی جوں کا توں برقرار ہے۔ یاد رہیکہ قبل ازیں میڈیا میں یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ ہندوستان نے سعودی عرب کو ہندوستانی ورکرس کی کھیپ روانہ کرنے پر امتناع عائد کردیا ہے جس کیلئے سعودی کی وزارت لیبر سے جاری ایک ہدایت کا حوالہ دیا گیا تھا جس کے تحت ہندوستان سے آنے والے تمام ورکرس کے تناسب میں 25 فیصد ورکرس گھریلو ملازماؤں پر مشتمل ہونا چاہئے۔ ہندوستانی سفارتخانہ کے ترجمان حفظ الرحمن نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ہند کی جانب سے ہندوستانی ورکرس کو سعودی عرب نہیں بھیجنے کا کوئی حکمنامہ جاری نہیں کیا گیا ہے اور اگر ایسی کوئی خبر گشت کررہی ہے تو وہ بالکل بے بنیاد ہے۔