ہندوستانی لاستھ ملنگا سے ملیئے

چینائی۔24 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں ایسا بولر سامنے آیا ہے جس کا ایکشن ٹی ٹوئنٹی ماہر اور متنازعہ ایکشن کے حامل سری لنکائی فاسٹ بولر لاستھ ملنگا سے ملتا ہے۔ دنیا میں بہت کم ایسے بولرس ہیں جو بہت مختصر عرصے میںکرکٹ کی پہچان بن جاتے ہیں اور ایسا ہی کچھ ہوا سری لنکا کے فاسٹ بولر ملنگا کے ساتھ جنہوں نے کریر کا آغاز کرتے ہی دنیا کو اپنا گرویدہ بنالیا۔ ملنگا کو کارکردگی کے بجائے متنازعہ ایکشن کی وجہ سے زیادہ شہرت ملی لیکن کچھ عرصے میں انہوں نے اپنی لائن و لینتھ اور یارکر سے بیٹسمینوں کو ایسا پریشان کیا کہ ان کا شمار ٹی ٹوئنٹی کے ماہر بولروں میں ہونے لگا جس کی وجہ سے انہیں مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں مہنگے داموں خریدا جانے لگا، اور اس سے ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا لیکن اب ہندوستان میں بھی ایک ایسا ہی بولر سامنے آیا ہے۔ سابق کھلاڑی آکاش چوپڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہندوستان کے ایک مقامی میچ ’مشتاق علی ٹرافی‘ کی ویڈیو اپ لوڈ کی اور اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ملیے ہندوستانی لاستھ ملنگا سے،۔ویڈیو میں تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے بولر اتھی یاسایاراج کو بولنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں ان کا ایکشن بالکل سری لنکا کے فاسٹ بولر ملنگا سے ملتا ہے جب کہ ان کی لائن اور لینتھ اور یارکر بھی سری لنکن بولر جیسی ہے۔سری لنکائی فاسٹ بولر ملنگا اپنی یارکرس کیلئے شہرت رکھتے ہیں لیکن حالیہ دنوں میں ان کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے ‘ حالانکہ انہوں نے ورلڈ کپ 2019ء میں ٹیم کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کی ہے ۔