ہندوستانی قانون سے واقفیت حاصل کرنے پر زور

بیدر ۔ 4 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دفتر آل انڈیا امامس کونسل موقوعہ روبرو درزی گلی مین روڈ ضلع بیدر میں ایک افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عثمان بیگ رشادی قومی صدر آل انڈیا امامس کونسل نے کہا صفائی، صحت ، اسکول ، پلے گراونڈ ، پبلک ٹرانسپورٹ یہ ساری سہولتیں ہماری زندگی کیلئے ہیں جو ایک خوشحال سماج کیلئے ضروری ہیں ۔ ان ضرورتوں کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے ۔ حکومت کو ٹیکس اور ووٹ اس لئے دیا جاتا ہے کہ وہ ہماری ضروریات کی تکمیل کرسکیں ۔ اگر حکومتیں ایسا نہیں کررہی ہیں تو دراصل یہ عوام سے اور ملک عزیز سے دشمنی کے مترادف ہے ۔ ان کے خلاف مقدمات کرنے کیلئے ہم کورٹ جائیں گے ۔ مولانا عثمان بیگ رشادی نے بتایا کہ آل انڈیا امامس کونسل ہندوستان بھر میں چار شعبہ جات پر کام کررہی ہے ۔ تعلیم ، معاشی ، سماجی سہولیات اور قانونی جانکاری ان چاروں نکات پر اماموں کو جانکاری کی فراہم کرنے کیلئے کیمپوں کا انعقاد کیا جاتاہے ۔ تعلیم ، معاشرتی سہولتیں ، قانون وغیرہ کا متعلق 40-40 منٹ کا سیشن ہوتا ہے ۔ سوالات کا موقع بھی فراہم کیا جاتاہے ۔ عوامی جانکاری کیلئے جمعہ کے خطبات تیار کئے جاتے ہیں ان ہی چار موضوعات سے متعلق قرآن و حدیث سے رہنمائی کی جاتی ہے ۔ آئین ہماری مدد اور ہندوستان کے باشندوں کے حقوق کیلئے ہے ۔ لہذا ہمیں آئین سے واقفیت بھی ضروری ہے ۔ این سی ایچ آر و کرناٹک چاپٹر کے انچارج محمد شعیب اللہ شریف نے اپنے خطاب میں قانون اور خصوصاً ہندوستانی قانون سے متعلق جانکاری فراہم کی ۔ جلسہ کی نگرانی صدر ضلع آل انڈیا امامس کونسل مولانا عبدالغنی خان حسامی اور مہمان خصوصی ریاستی صدر آل انڈیا امامس کونسل ، مولانا محمد یوسف رشادی نے کی ۔ جلسہ کا اختتام مولانا محمد عثمان بیگ رشادی کی دعا پر ہوا ۔ مولانا محمد عتیق الرحمن رشادی نائب سکریٹری آل انڈیا امامس کونسل ضلع بیدر نے تمام علماء کرام ، حفاظ اور معززین شہر سے اظہار تشکر کیا ۔ واضح رہے کہ کونسل کے دفتر کے اس افتتاحی پروگرام میں ضلع بھر کے تمام ذمہ داران شریک رہے ۔ علماء حفاظ ، آئمہ کرام شام 7 بجے تا 8بجے کے درمیان دفتری اوقات میں ملاقات کرسکتے ہیں ۔ یہ پریس نوٹ جناب مفتی عبدالغفار قاسمی نائب صدر آل انڈیا امامس کونسل ضلع بیدر نے جاری کیا۔