ہندوستانی عازمین حج سے منیٰ میں ایم جے اکبر کی ملاقات

مکہ معظمہ ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرمملکت برائے امورخارجہ ایم جے اکبر نے آج خیموں کے شہر منیٰ کا دورہ کیا اور ہندوستانی عازمین حج کے ساتھ جو حج کی ادائیگی سے پہلے یہاں جمع ہوتے ہیں، تبادلہ خیال کیا۔ منیٰ میں کل سے حج کی ادائیگی سے قبل تقریباً تمام ہندوستانی عازمین حج جن کی تعداد 1 لاکھ 70 ہزار ہے، جمع ہوگئے ہیں تاکہ کوہ عرفات پر جاسکیں۔ یہیں سے سالانہ حج کے مناسک کا آغاز ہوتا ہے۔ ایم جے اکبر حکومت کے ایک خیرسگالی وفد کی قیادت کررہے تھے جو سادہ سفید لباس میں ملبوس تھے۔ ان کے ہمراہ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب جاوید اور قونصل جنرل محمد نورالرحمن شیخ بھی تھے۔ ایم جے اکبر نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ وہ وزیراعظم کے احسان مند ہیں کیونکہ انہوں نے مجھے حج کی خیرسگالی مہم پر روانہ کیا۔ وہ اب جدہ میں ہیں اور عنقریب مکہ معظمہ جائیں گے۔ ایم جے اکبر نے ڈاکٹر محمد صالح بنتینت سعودی وزیرحج و عمرہ سے بھی ملاقات کی۔ ایم جے اکبر نے مکہ معظمہ کے دواخانہ کا بھی دورہ کیا جو ہندوستانی حاجیوں کی طبی ضروریات کی تکمیل کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے۔ قابل استطاعت مسلمانوں پر زندگی میں کم از کم ایک بار فریضہ حج کی ادائیگی فرض ہے۔ یہ ان کی روحانی زندگیوں کا نقطۂ عروج ہوتا ہے۔