ریاض 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی نژاد خاتون کارکنوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ ہڑتال پر جانے سے گریز کریں۔ ہندوستانی سفارت خانہ برائے سعودی عرب کے جاری کردہ ایک بیان میں غیر سماجی عناصر اور غیر قانونی ایجنٹ ہندوستان اور سعودی عرب کے خوشگوار تعلقات کو ایسی کارروائیوں کے ذریعہ متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ سفارت خانہ نے کہاکہ خود ساختہ سماجی کارکن اور غیر قانونی ایجنٹ بعض ہندوستانی خاتون کارکنوں کو جو مملکت سعودی عرب میں برسرکار ہیں، ہڑتال کرنے پر اُکسارہے ہیں۔ یہ غیرقانونی ایجنٹ چاہتے ہیں کہ ہڑتال کی خبریں سوشیل میڈیا کے ذریعہ پھیل جائیں چنانچہ وہ اِن خبروں کو سماجی میڈیا پر شائع کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سفارت خانہ نے کہاکہ یہ غیرقانونی ایجنٹوں کا وہی گروپ ہے جو قبل ازیں ہندوستانی کارکنوں کو منفی بیانات دینے پر اُکسا چکا ہے۔ جس سے حکومت سعودی عرب کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوگئے تھے۔ سفارت خانہ نے کہاکہ تمام ہندوستانی نژاد کارکنوں کو ایسے خود ساختہ سماجی کارکنوں اور غیرقانونی ایجنٹوں کے گھناؤنے عزائم کے خلاف خبردار کیا جاتا ہے۔ سفارت خانہ نے کہاکہ کوئی بھی شخص جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی اور ہڑتال سے متعلقہ سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا اُسے جرمانہ، سزائے قید اور سعودی عہدیداروں کی جانب سے مملکت سے اخراج جیسی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سفارت خانہ نے کہاکہ اُس میں ایک ایسا نظام قائم ہے جس سے سعودی عرب میں مقیم تمام ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
یہ بیان ایک ایسے وقت منظر عام پر آیا ہے جبکہ ہندوستانی خاتون کارکنوں کے ایک گروپ نے جو سعودی عرب میں کلینرس کی ملازمت پر ہیں، اپنے کفیل پر الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستانی کارکنوں کے ساتھ تعصب کا برتاؤ کیا جارہا ہے اور اُنھیں گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔ تمام خواتین کا تعلق کیرالا سے ہے جنھیں ایک کمپنی نے ریاض میں ایک ہسپتال میں کلینرس کی ملازمت دلوائی تھی۔ سفارت خانہ نے کہاکہ خواتین کارکنوں کے سلسلہ میں سفارت خانہ کا ربط کمپنی کے انتظامیہ اور سعودی عہدیداروں سے مسلسل برقرار ہے اور سفارت خانہ ترجیحی بنیادوں پر اِس مسئلہ کی یکسوئی میں مصروف ہے۔ ایک اندازہ کے بموجب خلیجی مملکت میں 28 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی کارکن ہیں۔