ہندوستانی بیٹسمینوں کو ڈیل اسٹین سے محتاط رہنا ہوگا:سچن

نئی دہلی۔18فبروری(سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ لیجنڈ اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین سچن تنڈولکر نے ہندوستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے پہلے خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈیل اسٹین سے محتاط رہنا ہوگا۔ چار سال پہلے ممبئی میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہندوستان کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سچن نے کہا کہ جنوبی افریقہ روایتی حریف پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ٹیم ہے۔ ہندوستان نے اتوار کو اڈیلیڈ میں ویراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت پاکستان کو 76 رنز سے شکست دیکر ورلڈ کپ 2015 کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ تاہم سچن نے کہا ہے کہ اتوار کو ملبورن میں ورلڈ کپ کی پسندیدہ جنوبی افریقہ کو شکست دینے کیلئے ہندوستان کو اچھی اوپننگ شراکت کے ساتھ وکٹوں کے درمیان محتاط دوڑ کی بھی ضرورت ہو گی۔ افریقہ کے خلاف سنگل لینا آسان نہیں ہو گا۔ ان کے فیلڈرز بہت پھرتیلے ہیں۔ ان کی فیلڈنگ، تھروئنگ اور میدان پر بھاگنا پاکستان سے کہیں بہتر ہے۔ بیٹسمین بالخصوص ڈیل اسٹین سے محتاط رہیں۔ بلاشبہ وہ ان کے اہم اور اصل بولر ہے اور آپ پہلے سے سوچ نہیں سکتے کہ اسٹین کو کیسے کھیلنا ہے۔ اس کا برا دن بھی ہو سکتا ہے لیکن اس کے باوجود بیٹسمین کو آخری لمحات میں ہی اسٹین کو کھیلنے کا فیصلہ کرنا ہو گا، لیکن کچھ بھی ہوبیٹسمینوںکو اسٹین کو عزت دینا ہو گی۔