ہم کو دوبارہ کھیلنے کا موقع دیا جائے : محمد آصف

کراچی 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے اس بات پر حیرت و مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ کچھ سابق کرکٹرس ان کھلاڑیوں کو دوبارہ موقع دینے کی مخالفت کر رہے ہیں جن پر اسپاٹ فکسنگ کے باعث امتناع عائد کردیا گیا تھا ۔ آصف کا کہنا ہے کہ اب یہ کھلاڑی سدھر گئے ہیں اور ان میں بہتری آئی ہے ۔ ایک ہفتہ قبل سابق کپتان رمیز راجہ نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عامر کیلئے آئی سی سی سے کچھ راحت حاصل کرنے کوشاں ہے ۔ محمد عامر پر پانچ سال کیلئے امتناع عائد کردیا گیا تھا ۔ آصف نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ کچھ سابق کھلاڑی کیوں یہ چاہتے ہیں کہ ہم کو دوبارہ کرکٹ کیرئیر کو آگے بڑھانے کا موقع نہ دیا جائے ۔ آصف ‘ عامر اور سابق کپتان سلمان بٹ پر آئی سی سی اینٹی کرپشن ٹریبونل نے 2011 میں اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت کم از کم پانچ سال کا امتناع عائد کردیا تھا ۔ کہا گیا تھا کہ ان کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف اگسٹ 2010 کے چوتھے ٹسٹ میں یہ جرم کیا تھا ۔ آئی سی سی کی سزا کے علاوہ ان تینوں کھلاڑیوں کو برطانیہ میں جیل کی سزا بھی ہوئی تھی ۔ تینوں کرکٹرس پر امتناع کی مدت اگسٹ 2015 میں ختم ہو رہی ہے جس کے بعد وہ دوبارہ بحالی کیلئے کوشش کرسکتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ سلمان بٹ اور آصف پہلے ہی پاکستان بورڈ کے صدر سے ملاقات کرچکے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے تعلق سے آئی سی سی سے نمائندگی کی جائے ۔