ہم پاکستان کو منہ توڑ جواب دیں گے :بی جے پی

جموں ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے نومنتخب صدر رویندر رینا نے کہا کہ ہم پاکستان کی حرکتوں کا دندان شکن جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات ہندوستانی فوج پاکستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔ پاکستان، کشمیری علیحدگی پسندوں، جنگجوؤں اور سنگبازوں کے خلاف شعلہ بیانی کیلئے مشہور رویندر رینا نے آج بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے شہریوں کی گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں میں عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ پاکستان کا تگڑا علاج کرنا پڑے گا، وہ ہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ سرحد پر چلے جاؤ۔ جس جگہ پر یہ گولہ باری ہوئی ہے وہاں بی ایس ایف نے پاکستان کو ایسا ٹھوکا ہے کہ وہ کئی سالوں تک یاد رکھے گا۔ ضلع راجوری کے حلقہ انتخاب نوشہرہ سے رکن اسمبلی رویندر رینا کو حال ہی میں بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا۔ رویندر رینا راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نظریات کے کٹر حامی ہیں۔ انہیں گذشتہ تین برسوں کے دوران ریاستی اسمبلی کے اندر اکثر پاکستان مخالف نعرہ بازی کرنے والوں کی قیادت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ رویندر رینا بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں۔