ہم نے اچھا کھیلا، اسی لئے کوارٹرز تک پہنچے : بنگلہ دیشی کوچ

ملبورن ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز میں ڈیفنڈنگ چمپینس ہندوستان کے خلاف اپنی سب سے بڑی مسابقت کیلئے تیاری کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے چیف کوچ چندیکا ہتھورو سنگھے نے آج کہا کہ اُن کے لڑکوں کو ’’کسی کیلئے کچھ ثابت کرنا نہیں رہے گا‘‘۔ ’’(جہاں تک) ہمارا معاملہ ہے، ہمیں کسی کیلئے کچھ بھی ثابت کرنا نہیں ہے کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم اچھے (اچھا کھیلے) ہیں۔ ہم یہاں ہمیں حاصل شدہ موقع سے استفادہ کرنے اور حالات کا مزہ اٹھانے آئے ہیں،‘‘ سری لنکائی نژاد ہتھوروسنگھے نے یہ باتیں ملبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں گفتگو کے دوران کہیں۔ جمعرات 19 مارچ کو دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں یہاں بنگلہ دیش اور ہندوستان کھیلیں گے۔ بنگلہ کوچ نے اپنے طاقتور حریفوں کی طاقت کے بارے میں کچھ زیادہ اظہار خیال نہیں کیا لیکن ہندوستان کی پیس بولنگ یونٹ کی ستائش کی۔ 46 سالہ ہتھوروسنگھے جنھوں نے 1991ء اور 1999ء کے درمیان بحیثیت اوپنر سری لنکا کیلئے 26 ٹسٹ کھیلے، انھوں نے کہا: ’’انڈیا (والے) بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ بیٹنگ کی اچھی ٹیم ہیں۔ لیکن یہی کلید رہی ہے کہ اُن کے فاسٹ بولرز کس قدر اچھی بولنگ کرتے ہیں۔‘‘ وہ بنگلہ دیش کی ہندوستان کے مقابل پورٹ آف اسپین میں 2007ء کی حیران کن ورلڈکپ جیت سے متعلق گفتگو سے بھی گریزاں نظر آئے۔ تاہم انھیں اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ وہ رواں ٹورنمنٹ میں اچھا کھیلتے ہوئے کوارٹرز کے مرحلے تک پہنچے ہیں!