نئی دہلی ۔26اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج شیوسینا ارکان پارلیمنٹ کے بشمول این ڈی اے کے تمام ارکان پارلیمنٹ کیلئے ٹی پارٹی کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر سوچیں‘بلند عزائم رکھے‘ دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے موافق غریب اقدامات کریں۔ مئی میں بی جے پی زیر قیادت حکومت تشکیل پانے کے بعد پہلی مرتبہ مودی نے 400ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ ان کی یہ تعداد مثبت سیاسی قوت کی نشانی ہے ۔ اس بڑی طاقت کو مثبت سوچ کے ساتھ بلند عزائم رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اونچا سوچنا چاہیئے اور دوراندیشی سے کام کرناچاہیئے ۔ اپنی ریس کورس رہائش گاہ پر منعقدہ مابعد دیوالی تقریب میں مودی نے کہا کہ غریبوں کی بہبود کیلئے این ڈی اے حکومت نے جو کام شروع کئے ہیں انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔ اس ٹی پارٹی میں کوئی سیاسی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ ملک بھر میں ان کی جانب سے شروع کردہ ’سوچھ بھارت ‘‘ مہم کو کامیاب بنایا جائے ۔ ارکان پارلیمنٹ اپنے علاقوں کے اسکولوں کا دورہ کریں اور وہاں پر سوچھ بھارت مہم کو تیز کریں ۔