حیدرآباد ۔ 11 جون (سیاست نیوز) ہماچل پردیش کے کلو بیاس ندی میں غرقاب طالب علم محمد صابر حسین شیخ کی نعش دستیاب ہوگئی ہے اور اسے بذریعہ روڈ دہلی منتقل کیا جارہا ہے اور کل دوپہر فلائیٹ کے ذریعہ حیدرآباد لائی جائے گی۔ ہماچل پردیش میں خراب موسم کے باعث نعش کی فلائیٹ سے منتقلی میں دشواریاں پیش آنے کے سبب ان کے والد نے بذریعہ روڈ نعش کو دہلی لے جارہے ہیں اور وہاں سے کل حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔ صابرشیخ کی نعش لارجی ڈیم سے 5 کیلو میٹر دور پر پائی گئی
اور ان کے والد نے اپنے لڑکے کی نعش شناخت کے بعد کلو کے ضلع کلکٹر نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالہ کردیا۔ وی این آر وگیان جیوتی انجینئرنگ کالج واقع باچوپلی نظام پیٹ سائبرآباد کے سال دوم کے طالب علم محمد صابر حسین شیخ ساکن گل مہر پارک بی ایچ ای ایل اپنے دیگر ساتھی طلبہ کے ہمراہ تعلیمی تفریح کیلئے گئے ہوئے تھے جہاں پر حادثہ کا شکار ہوگئے۔ صابر شیخ کے والد شیخ راجہ جو ریلوے کے ملازم ہے، نے بتایا کہ انتہائی خراب موسم کے باعث ہماچل پردیش میں بیاس ندی سے طلباء کی نعشوں کو باہر نکالنے میں ضلع انتظامیہ کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔