میرپور۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان جو کل سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے، لیکن ان کے لئے سیمی فائنل ایک اور مقابلہ سے بڑھ کر کچھ اور نہیں۔ سمی سے جب استفسار کیا گیا کہ گزشتہ برس سری لنکا کے خلاف خطابی مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے جو کامیابی حاصل کی تھی، اس کا کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں اثر پڑے گا؟ تو انہوں نے کہا کہ ٹیم کیلئے سیمی فائنل ایک اور مقابلے سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ سمی نے مزید کہا کہ ہم نے سری لنکا کو 2012ء ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست دینے کے علاوہ یہاں بنگلہ دیش میں ورلڈ کپ کے ضمن میں منعقدہ وارم اَپ مقابلے میں بھی شکست دی ہے، لیکن اس کے باوجود سری لنکائی ٹیم نے چند فتوحات حاصل کی ہیں۔
زخمی یوراج سنگھ نے پریکٹس نہیں کی
میرپور۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال مقابلے کے دوران اپنا ٹخنا زخمی کربیٹھے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین یوراج سنگھ نے آج ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ میر پور میں منعقدہ ایک فٹبال مقابلے میں شرکت کے دوران یوراج سنگھ اپنا ٹخنا زخمی کر بیٹھے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ آج پریکٹس نہیں کرپائے، اور انہیں ٹیم انتظامیہ نے آرام کا موقع دیا، نیز کل بھی وہ پریکٹس کریں گے یا نہیں، اس کا ہنوز فیصلہ نہیں ہوا۔