ہمارے بچپن میں سچن کو بھگوان باور کرتے تھے : دھونی

نیویارک ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سچن تنڈولکر کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے انڈیا او ڈی آئی کرکٹ ٹیم کیپٹن دھونی نے کہا ہے کہ مثالی بیٹسمن کی انکساری اور کھیل کے تئیں جذبہ اُن (دھونی) اور دیگر کیلئے حوصلہ بخش رہا ہے۔ ’’جب ہم بچپن اور لڑکپن کے دور میں تھے، ہم سچن (تنڈولکر) کو دیکھا کرتے تھے، وہ ہم تمام کیلئے بھگوان کی مانند تھے۔ اُن اپنے آپ میں وہ کشش رکھتے تھے،‘‘ دھونی نے یہ بات کہی جبکہ وہ نیوجرسی میں بہار جھارکھنڈ اسوسی ایشن آف نارتھ امریکا کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کے دوران ہندوستانی تارکین وطن کے ساتھ بات کررہے تھے۔ دھونی نے کہا کہ سچن ’’بہت اچھے مثالی نمونہ‘‘ ہیں کیونکہ وہ کامیاب ہونے کے ساتھ ساتھ منکسر المزاج بھی ہیں۔ دھونی نے کہا کہ جب انھوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا، انھوں نے دیکھا کہ کس طرح وہ (سچن) کرکٹ کے معاملے میں منہمک رہتے ہیں۔ ’’جب کبھی وہ میدان پر آتے ، وہ کرکٹر کی حیثیت سے بہتری چاہتے۔ مجھے محسوس ہوا کہ اگر کسی کو دیکھنا ہو تو وہی موزوں شخص ہیں یہی کچھ ہم نے کیا،‘‘ دھونی نے یہ بات کہی، جو اس ایونٹ کے ویب پورٹل امریکن بازار پر پیش کردہ مختصر ویڈیو سے معلوم ہوا ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ وہ کرکٹ میدان پر واپس ہوں گے، دھونی نے کہا، ’’ اکٹوبر جلد از جلد موقع ہے جب آپ مجھے میدان پر دیکھیں گے‘‘۔ اس سوال پر کہ وہ کامیابی کی تشریح کس طرح کرتے ہیں، دھونی نے کہا کہ زندگی میں ’’عملی اور دیانت دار‘‘ ہونا بہت اہم ہے۔ استقبالیہ کے دوران دھونی کو اُن کے نام پر ایک قرارداد کے ذریعے اعزاز بخشا گیا ، جس نے انھیں کرکٹ میں اُن کے کارہائے نمایاں کیلئے سراہا۔