سادہ تقریب کے دوران بی جے پی میں دوبارہ شمولیت
بنگلور ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا کیلئے یوں تو ’’گھرواپسی‘‘ پر کوئی خاص جشن نہیں منایا گیا لیکن بی جے پی میں ان کی واپسی کا خیرمقدم ضرور کیا گیا ہے۔ ایک سال قبل یدی یورپا نے بی جے پی سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے نئی سیاسی پارٹی تشکیل دی تھی۔ یدی یورپا کا بی جے پی کرناٹک یونٹ کے صدر پرہلاد جوشی نے استقبال کیا، جس وقت موصوف اپنے حامیوں کے ساتھ پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹرس میں داخل ہوئے اس وقت پارٹی کے ریاستی سینئر قائدین بھی وہاں موجود تھے۔ بعدازاں ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں یدی یورپا کو پارٹی کارکن بنانے ضابطہ کی کارروائی مکمل کی گئی۔ البتہ تقریب میں کوئی قومی قائد موجود نہیں تھا۔ دریں اثناء یدی یورپا نے کہا کہ اب ماضی کو بھول جانے میں ہی عافیت ہے اور ایک دوسرے پر شبک و شبہات والی پالیسی بھی ترک کردینا چاہئے۔
ہمیں ایک ہی ماں کے دو بیٹوں کی طرح کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے ایک ہفتہ قبل ہی یہ اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی کرناٹک جنتا پکشا (کے جے پی) بی جے پی میں ضم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ غلط فیصلوں کی وجہ سے کانگریس (جسے ہم نے اس کی اوقات بتادی تھی) ریاست کرناٹک میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جسے ہم خود اپنا گناہ یا جرم قرار دیتے ہیں جس کی تلافی ممکن نہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہیکہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات کیلئے ایک بار پھر عوام کے درمیان جائے اور یہ کہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے، ہمیں معاف کردیجئے۔ ایسی غلطی دوبارہ سرزد نہیں ہوگی۔ ہم نے لوک سبھا انتخابات کیلئے کرناٹک میں 28 نشستوں کے منجملہ 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے اور یہ نشانہ عوام کی تائید کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتا۔
ایم پی اسمبلی میں ستیہ دیو کٹارے قائد اپوزیشن
بھوپال ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس ایم ایل اے ستیہ دیو کٹارے کو مدھیہ پردیش اسمبلی میں قائد اپوزیشن نامزد کیا گیا۔ ان کے نام کا اعلان نو منتخبہ اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر ستیہ شرن شرما نے کیا۔ بعدازاں کنونشن کے مطابق کانگریس ایم ایل ایز نے مہندر سنگھ کالوکھیڈا، ڈاکٹر گووند سنگھ، کے پی سنگھ، مکیش نائک اور دیگر نے کٹارے کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے ان کی نشست تک انہیں پہنچایا اور اس کے بعد وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر نروتم مشرا اور شہری ترقیات و نظم و نسق وزیر کیلاش وجے ورگیا کے علاوہ دیگر نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں چوہان نے کہا تھا کہ مفادعامہ کے معاملات میں اگر اپوزیشن ان پر تعمیری تنقید کرتی ہے تو وہ اسے بخوشی تسلیم کریں گے۔ کٹارے نے بھی خطاب کے دوران تیقن دیا کہ اپوزیشن مفاد سے متعلق معاملات اٹھانے میں ذرہ برابر تاخیر نہیں کرے گی اور حکومت سے جواب طلب کرتی رہے گی۔