ہمارا فائنل ارجنٹینا کیخلاف ہوگا ، برازیلی کوچ کی پیش قیاسی

ساؤپاؤلو، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے کوچ لوئی فلپ اسکولاری نے پیش قیاسی کی ہے کہ اگر میزبان ٹیم تمام ترراستہ بخوبی طئے کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں داخل ہوجاتی ہے تو عین ممکن ہے ارجنٹینا ہی اُن کا حریف رہے گا۔ اسکولاری نے کل یہاں کہا کہ انھوں نے اپنے اسٹاف کے ساتھ مل کر ٹورنمنٹ کی ٹیموں کا تجزیہ کیا ہے اور پیش قیاسی کرتے ہیں کہ 13 جولائی کے فائنل میں دو جنوبی امریکی طاقتور ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ اسکولاری نے ریو ڈی جنیرو کے مضافات میں منعقدہ ٹیم کے ٹریننگ کمیپ میں کہا کہ ہمارے تجزیہ کے مطابق فائنل میں ہم برازیل اور ارجنٹینا کو مدمقابل دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی امریکی فائنل ہوتا ہے تو زبردست بات ہوگی۔
انگلینڈ سب سے سخت گروپ میںشامل
فیفا کی تازہ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ اس ماہ برازیل میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے سب سے سخت گروپ میں ہے۔ انگلش ٹیم اس وقت عالمی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر ہے اور ورلڈ کپ میں اسے گروپ D میں یوروگوائے، اٹلی اور کوسٹاریکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔