نظام آباد:2؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)خلیج کے متاثرین کی باز آبادکاری اور ہلدی کے کسان کو نظر انداز کرنے پر نظام آباد پارلیمانی نشستیں ایک ہزار متاثرین کی جانب سے پرچہ نامزدگی داخل کی جائے گی۔ خلیج متاثرین کے حقوق کے تحفظ اور کسان تنظیموں کے صدر کے نرسمہا نائیڈو نے بتایا کہ خلیج کے متاثرین اور ہلدی کے کسانوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف نظام آبادپارلیمانی حلقہ کے 500 دیہاتوں میں سے ایک ہزار افراد پارلیمنٹ انتخابات میں نامزدگی داخل کریں گے اور اپنے احتجاج کو ظاہر کریں گے ۔ خلیج کے متاثرین کے مسائل کیلئے گذشتہ کئی دنوں سے احتجاج کے باوجود بھی کوئی بھی حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے ایسے خاندانوں کی باز آبادکاری کو نظر انداز کیا جارہا ہے اور ہلدی کے کسانوں کے مسائل کو لیکر دہلی سطح پر مظاہرہ کرنے کے باوجود بھی ابھی تک کوئی مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔خلیج کے متاثرین اور ہلدی کے کسانوں کے مسائل پر جلسہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اجازت دینا بھی مناسب نہیں سمجھاجس پر جمہوری انداز میں حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات میں ایک ہزار پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔