چینائی ۔ 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں کرکٹ کو اولین مقبولیت حاصل ہے لیکن ٹامل تلائی واس کے کپتان اجئے ٹھاکر کا ماننا ہے کہ ہر کھلاڑی یہی سمجھتا ہے کہ وہ جس کھیل سے وابستہ ہیں وہی سب سے بہتر کھیل ہے کیونکہ کرکٹر کرکٹ کو ‘ ٹینس کھلاڑی ٹینس کو اور فٹبالر فٹبال کو بہترین کھیل تصور کرتا ہے نیز چونکہ میرا تعلق کبڈی سے ہے اس لئے میں نہ صرف اس کھیل سے لطف اندوز ہوتا ہوں بلکہ اسے سب سے بہتر کھیل سمجھتا ہوں ۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایک کبڈی کھلاڑی ہوں اور کبڈی میری زندگی ہے اور کبڈی میری پہلی محبت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندے سے اپنے خصوصی انٹرویو کے دوران کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان کے کبڈی کا سفر خاندان سے ہی شروع ہوا کیونکہ ان کے والد ایک ریسلرجب کہ ان کے انکل کبڈی کوچ ہیں ۔ نیز ان کے بڑے بھائی راکیش کمار جنہوں نے ہماچل پردیش سے پہلی مرتبہ ہندوستان کی نمائندگی کی تھی ۔ ٹھاکر کے بموجب پرو کبڈی لیگ سے قبل ہندوستان میں کبڈی کو مقبولیت حاصل نہیں تھی‘ علاوہ ازیں 2007‘ 2011اور 2013ء میں ہندوستان نے ایشین گیمس ‘ انڈور ایشین گیمس کے علاوہ کئی بین الاقوامی ٹورنمنٹس میں شرکت کی تھی جس کے باوجود ملک میں کبڈی کو وہ مقبولیت حاصل نہیں ہوئی جو پرو کبڈی کی وجہ سے ہوئی ۔ کبڈی اولمپکس کا کھیل نہیں تو کیا اس سے نقصان ہوگا ؟ اس سوال کے جواب میں ٹھاکر نے کہا کہ کبڈیاگر اولمپکس میںشامل نہیں لیکن یہ ایشین گیمس انڈور ایشین گیمس کے علاوہ کبڈی کا اپنا ورلڈ کپ بھی ہے جس سے اُمید ہے کہ آئندہ چند برسوں میں اس کی مقبولیت اولمپکس کے دروازے بھی کٹھکھٹائے گی ۔