ایڈیلیڈ۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا ہے کہ بیٹسمینوں کو بڑا سکور کرنا ہو گا ورنہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں زیادہ آگے نہیں جاسکے گی۔ اس ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم صرف متحدہ عرب امارات کے خلاف 300 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی ہے۔فلاور نے میڈیا سے گفتگو میں اس سوال پر کہ پاکستانی بیٹسمینوں کا مسئلہ کیا ہے ، کہا کہ ہر بیٹسمین مختلف نوعیت کے مسئلے سے دوچار ہے۔ کچھ ذہنی طور پر مضبوط نہیں ، کچھ کا مسئلہ تکنیکی ہے اور کچھ دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ فلاور کو امید ہے کہ پاکستانی بیٹسمین اتوار کو بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ بیٹسمینوں کو خود بھی اس بات کا اچھی طرح احساس ہے کہ ٹیم ان سے اچھی کارکردگی کی توقع رکھے ہوئے ہے۔ کوچ فلاور نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمینوں نے جنوبی افریقہ کے مضبوط بولنگ اٹیک کیخلاف بھی بہتر بیٹنگ کی، لہٰذا وہ اب خاصے پراعتماد اور مثبت دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستانی بیٹسمینوں کی ٹسٹ کرکٹ میں کارکردگی بہت اچھی رہی ہے ،البتہ ونڈے میں انھیں بہتری لانی ہو گی ۔ پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے بتایا کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد ابتدا میں تگ ودو کر رہے تھے لیکن بعد میں وہ فارم میں آگئے اور اچھی بیٹنگ کی اور جنوبی افریقی بولروں کیخلاف فٹ ورک کا صحیح استعمال کرتے ہوئے جارحانہ انداز اختیار کیا۔ فلاور نے کہا کہ صہیب مقصود اور عمر اکمل نے اپنے ٹیلنٹ کی جھلک ضرور دکھائی ہے لیکن انھیں یہ ثابت کرنے کیلیے کہ وہ بہت باصلاحیت ہیں بہت کچھ کر کے دکھانا ہو گا۔