بیلیسی(جارجیا)۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی گرانڈ ماسٹر پی ہری کرشنا نے یہاں جاری فیڈے ورلڈ کپ کی افتتاحی بازی میں جی ایم یوری گونزالیز ودال کے خلاف ناکامی سے تیزی کے ساتھ سنبھلتے ہوئے دوسری گیم جیت لی اور فرسٹ راؤنڈ کے مقابلے کو ٹائی بریکر تک پہونچادیا ہے ۔ عالمی نمبر 20 ہندوستانی اسٹار نے اس مرتبہ سفید مہروں سے کھیلتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور وقفہ وقفہ سے سوجھ بوجھ کے ساتھ چالیں چلتے ہوئے حریف کو پریشان کیا۔ یہ مقابلہ 41 چالوں کا چلا اور آخرکار ہری کرشنا کو مکمل ایک پوائنٹ حاصل ہوا ۔ اگر گنٹور کے متوطن 31 سالہ ہری کرشنا ٹائی بریکر جیت جاتے ہیں تو اُنھیں ہم وطن ایس پی سیتورمن کا سامنا ہوگا جنھوں نے یوکرین کے روسلان پونوماریوف کو ہرایا ہے ۔
ہاکی انڈیا کو کوچ کیلئے درخواستیں مطلوب
نئی دہلی ۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہاکی انڈیا نے آج نیشنل مینس ٹیم کے چیف کوچ کے مخلوعہ عہدہ کیلئے اپنی ویب سائیٹ کے ذریعہ درخواستیں طلب کی ہیں جبکہ ولندیزی رولینڈ اولٹ مینس کو یکایک کلیدی ذمہ داری سے ہٹائے محض تین روز ہوئے ہیں۔ بی سی سی آئی کی طرح عمل کرتے ہوئے ہاکی انڈیا نے بھی پہلی مرتبہ اپنی ویب سائیٹ پر اشتہار دیا ہے ۔