حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ آج سنگاریڈی میں بائیک ریلی کے موقع پر ایک حادثہ میں محفوظ رہے۔ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے ہریش راؤ آج سنگاریڈی پہنچے اور انہوں نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ اس موقع پر حامیوں کی جانب سے بائیک ریلی منعقد کی گئی جس میں ہریش راؤ نے حصہ لیا۔ ریلی کے دوران اچانک کارکنوں نے بڑے پیمانے پر آتشبازی کی اور بعض پٹاخے پھٹ کر کارکنوں پر گرپڑے جس سے کسی قدر بھگدڑ مچ گئی اور ریلی کے سامنے موجود کارکنوں نے اچانک اپنی گاڑیوں کو روک کر پیچھے لینے کی کوشش کی اسی دوران پیچھے کی گاڑی پر ہریش راؤ موجود تھے پٹاخوں کا زبردست دھواں اُٹھا اور ہریش راؤ اس کی زد میں آگئے۔ اس سے پہلے کہ صورتحال بگڑتی 3 چوکس گن مینوں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ہریش راؤ کو گھیرے میں لے لیا اور انہیں پٹاخوں کے دھوئیں سے ہٹادیا اور وہاں سے انہیں آگے لیجایا گیا۔ اس طرح ہریش راؤ آتشبازی کی زد میں آنے سے محفوظ رہے۔ ہریش راؤ کو آتشبازی سے نقصان پہنچنے کے بارے میں سوشیل میڈیا پر خبریں گشت کرنے لگیں جس کے بعد ٹوئیٹر پر ہریش راؤ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر ٹھیک ہیں اور کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ آتشبازی سے انہیں کوئی گزند نہیں پہنچی۔