راج کوٹ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کپتان ہربھجن سنگھ نے آل راؤنڈ مظاہرہ کرتے ہوئے وجئے ہزارے ونڈے ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں گجرات کے خلاف اپنی ٹیم پنجاب کی 29 رنز کی کامیابی میں مثالی مظاہرہ کیا ہے۔ بیاٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد پنجاب نے اپنے بیٹسمنوں امیتوز سنگھ (75) ، گور کیرتھ سنگھ مان (72) کی نصف سنچریوں اور ہربھجن سنگھ کی جانب سے 25 گیندوں میں بنائے جانے والے 51 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں پارتھیو پٹیل کی زیرقیادت گجرات کی ٹیم اوپنرس کی جانب سے ملنے والی بہتر شروعات کا فائدہ نہ اُٹھا سکی اور 47.3 اوورس میں226 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پنجاب کے لئے فاسٹ بولر سندیپ شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سینئر آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنے 10 اوور کے کوٹہ میں 51 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ پنجاب میں ناقص شروعات کے باوجود 250 رنز سے زائد اسکور کیا حالانکہ اس کے اوپنر منن ووہرا (6) ، نمبر تین پر مندیپ سنگھ (1) اور نمبر 4 پر یوراج سنگھ (17) جلد آؤٹ ہوگئے تھے۔ گجرات کو شکست دینے کے بعد اب پنجاب کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ ریلویز سے ہوگا۔