ہربھجن سنگھ کی دو سال بعد ٹسٹ ٹیم میں واپسی، جڈیجہ خارج

ممبئی۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً دو برس سے ٹیم سے باہر رہنے والے آف اسپنر ہربھجن سنگھ کی آج بنگلہ دیش کے خلاف منعقد شدنی ایک ٹسٹ مقابلے کیلئے معلنہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ مختصر دورۂ بنگلہ دیش کے لئے ونڈے میں بھی تمام اہم کھلاڑیوں کو شامل کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم کیا گیا ہے۔ 34 سالہ ہربھجن سنگھ جنہوں نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں ممبئی انڈینس کے لئے بہترین مظاہرے کئے ہیں، اس کا صلہ ملا ہے اور وہ 15 رکنی ٹسٹ ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں جس کی قیادت ویراٹ کوہلی کررہے ہیں۔ ہربھجن سنگھ کی شمولیت کے علاوہ معلنہ ٹیم میں کوئی حیران کن فیصلہ نہیں کیا گیا جیسا کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی کے تقریباً ایک گھنٹہ طویل اجلاس کے بعد کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو ٹسٹ ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے

جبکہ فاسٹ بولر محمد سمیع زخمی ہیں اور وہ مکمل صحت یاب نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ ان کے مقام پر ممبئی سے تعلق رکھنے والے میڈیم فاسٹ بولر دھول کلکرنی کو ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اب تک 4 ونڈے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پیش قیاسیاں کی جارہی تھیں کہ بنگلہ دیش کے مختصر دورہ کے لئے ہندوستانی ٹیم میں تمام اہم اور سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا جائے گا لیکن سندیپ پاٹل کی صدارت میں منعقدہ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں تمام اہم کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹسٹ مقابلہ 10 جون کو فتح اللہ میں کھیلا جائے گا جبکہ 18، 21 اور 24 جون کو میرپور میں 3 ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ماضی میں بھی ہربھجن سنگھ کو ٹیم میں شامل کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال ہوا لیکن بنگلہ دیش کے خلاف منعقد شدنی ٹسٹ میں ان کی شمولیت دراصل بنگلہ دیشی ٹیم میں موجود متعدد بائیں ہاتھ کے بیٹسمنوں کے خلاف مہمان ٹیم کے بولنگ شعبہ کو مستحکم کرنے کے لئے کی گئی ہے۔ آئی پی ایل میں بہتر مظاہرے اور بنگلہ دیشی ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کی وجوہات کے علاوہ کپتان ویراٹ کوہلی سے بھی تبادلہ خیال کے بعد ہربھجن سنگھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹسٹ ٹیم میں دیگر سینئر کھلاڑیوں ویریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، یوراج سنگھ اور پرگیا اوجھا کو موقعہ نہیں ملا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے آخری مرتبہ مارچ 2013ء میں آسٹریلیا کے خلاف گھریلو سیریز کھیلی تھی اور ’’ٹرمینیٹر‘‘ کے نام سے مشہور آف اسپنر 101 مقابلوں میں 413 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں تیسرے مقام پر ہیں۔

ونڈے ٹیم : مہیندر سنگھ دھونی (کپتان)،روہت شرما ، اجنکیا راہنے ، شکھر دھون ، ویراٹ کوہلی ، سریش رائنا ، امباٹی رائیڈو ، روی چندرن اشون ، رویندر جڈیجہ ، اکشر پٹیل ، بھونیشور کمار ، اومیش یادو ، موہت شرما ، اسٹیورٹ بنّی اور دھول کلکرنی ۔

ٹسٹ ٹیم : ویراٹ کوہلی (کپتان)،مرلی وجئے ، شکھر دھون ،کے ایل راہول ، چٹیشور پجارا ، اجنکیا راہنے ،روہت شرما ،وردھمان ساہا ، روی چندرن اشون ،ہربھجن سنگھ ، کرن شرما، بھونیشور کمار ، اومیش یادو ، ورون آرون اور ایشانت شرما ۔

ہربھجن کی 2گیندوں نے میچ کا نقشہ بدل دیا : فلیمنگ
ممبئی۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چینائی سوپر کنگس کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے کہا کہ ہربھجن سنگھ کی دو گیندوں پر متواتر دو وکٹوں کے زوال نے مقابلے کا نقشہ بدل دیا اور ان کی ٹیم کو آئی پی ایل 8 کے پہلے کوالیفائر مقابلے میں ممبئی انڈینس کے خلاف 25 رنز کی شکست ہوئی ہے۔ فلیمنگ نے مزید کہا کہ 188 رنز کا نشانہ اس وقت تک قابل تعاقب دکھائی دے رہا تھا جب تک کہ ہربھجن سنگھ نے دو اہم وکٹیں سریش رائنا اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی حاصل نہیں کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشانہ کے تعاقب میں ہم بہتر پیش قدمی کررہے تھے اور اُمید تھی کہ مطلوبہ نشانہ حاصل کیا جاسکتا ہے، لیکن ان کے اہم کھلاڑی رائنا اور دھونی کے متواتر دو گیندوں پر آؤٹ ہونے کے بعد مقابلہ ہماری گرفت سے باہر نکل گیا۔ ہربھجن سنگھ نے پہلے وکٹ پر جم چکے سریش رائنا کو 25 رنز کے انفرادی اسکور پر اپنی ہی گیند پر کیچ لیتے ہوئے پویلین کی راہ دکھائی ، جس کے بعد اگلی ہی گیند پر دھونی کو جیسے ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا تو میدان پر موجود ہزاروں شائقین خوشی سے جھوم اُٹھے۔